اسلام آباد (نمائندہ جنگ، این این آئی) سابق وزیراعظم نواز شریف نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس میں 7 سال قید کی سزا معطلی کیلئے ایک بار پھر اسلام آباد ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا ہے،ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم کی طبی بنیادوں پر ضمانت کی درخواست سماعت کیلئے مقرر کردی ہے۔ درخواست کیساتھ میڈیکل رپورٹس اور ڈاکٹروں کی رائے منسلک ، نیب ، جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل فریق بنایا گیا ہے۔ جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ آج منگل کو سماعت کریگا۔ خواجہ حارث کے ذریعے دائر درخواست میں سابق وزیراعظم کی جانب سے نیب ، جج احتساب عدالت اور سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو فریق بنایا گیا ہے، درخواست میں کہا گیا ہے ڈاکٹرز کی رائے ہے کہ نواز شریف کو متعدد جان لیوا امراض لاحق ہیں، درخواست کیساتھ میڈیکل رپورٹس اور ڈاکٹرز کی رائے کو بھی منسلک کیا گیا ہے، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیاسی مخالفین اور حکومتی افراد نے پروپیگنڈا کیا کہ علاج کیلئے ضمانت کی درخواست این آر او ہے ، سزا معطلی کی درخواست کو این آر او کہنا توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے، اگر سزا معطل کی گئی تو اس سے پراسیکیوشن کے کیس پر کوئی فرق نہیں پڑیگا لہٰذا سزا کیخلاف اپیل کے فیصلے تک سزا معطل کر کے طبی بنیادوں پر ضمانت دی جائے۔