• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایران جنگ کی دھمکی نہ دے، اس کا عملی خاتمہ کردینگے، ٹرمپ، امریکا حملہ کرسکتا ہے، برطانیہ

کراچی (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سخت الفاظ میں ایران کو متنبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر دونوں ممالک کے درمیان لڑائی ہوئی تو ایران تباہ ہو جائے گا۔ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں امریکی صدر نے کہا کہ امریکا کو دوبارہ دھمکانے سے گریز کیا جائے اور ’اگر ایران جنگ چاہتا ہے تو یہ باقاعدہ طور پر ایران کا خاتمہ ہو گا۔برطانیہ کے سیکرٹری خارجہ نے ایران کو متنبہ کیا ہے کہ وہ امریکا کو اشتعال دلانے سے گریز کرے ورنہ واشنگٹن اس پر حملہ کردے گا ۔ ‘ایران کے وزیرخارجہ جواد ظریف نے امریکی صدر کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اُن کے ملک کو دھمکایا نہ جائے۔ان کا کہنا ہے کہ نسل کشی کے طعنو ں سے ایران ختم نہیں ہوگا۔ پیر کو ٹوئٹر پر اپنے بیان میں ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکی صدر کو تاریخ کو دیکھنا چاہیے۔ایرانی ہزاروں سال سے فخر کے ساتھ کھڑے ہیں جبکہ تمام حملہ آور آئے اور چلے گئے، احترام کرنا سیکھیں، اس سے فائدہ ہوتا ہے۔برطانوی سیکرٹری خارجہ جیرمی ہانٹ کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایران سے کہا ہے کہ وہ امریکی عزم کو کم تر نہ سمجھے ، اگر امریکی مفادات پر حملہ کیا گیا تو وہ جوابی کارروائی کرے گا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جنیوا میں ورلڈ ہیلتھ اسمبلی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ امریکی صدر کی جانب سے یہ پیغام ایک ایسے موقع پر سامنے آیا ہے جب دونوں ممالک کے تعلقات کشیدگی کی نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں۔ امریکا نے رواں ماہ کے دوران خلیج فارس میں مزید جنگی جہاز اور طیارے تعینات کیے ہیں۔

تازہ ترین