• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میڈیا پہلی ڈیفنس لائن، ریاست کا چوتھاستون ہے، فردوس عاشق اعوان

اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار ) وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ میڈیا فرسٹ لائن آف ڈیفنس اور ریاست کا چوتھا ستون ہے،کس کس چور دروازے سے این آر او مانگا جاتا رہاہے مجھے کچھ کہنے کی ضرورت نہیں، پاکستان مالی مشکلات کاشکار ہے، گزشتہ دس سالوں میںماضی کی حکومتوں نے پاکستان کو لہولہان کیا آج کے حالات اس کے آفٹر شاکس ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو نیشنل پریس کلب میں راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس (آر آئی یو جے) کی نو منتخب باڈی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر آر آئی یو جے کے صدرعامر سجاد سید، جنرل سیکرٹری آصف علی بھٹی، نیشنل پریس کلب کے سیکرٹری انور رضا، اے پی پی یونین کے صدر شہزاد چوہدری اور دیگر عہدیداران اور یونین رہنماؤں نے شرکت کی،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری آر آئی یو جے آصف علی بھٹی نے معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان کو خوش آمدید کہتے ہوئے میڈیا کے مسائل سے آگاہ کیااور مختلف میڈیا ہاؤسز میں کئی ماہ سے تنخواہوں کی عدم ادائیگی اور جبری برطرفیوں، ویج بورڈ ایوارڈ کے اعلان،ایک ٹی وی کے سات ملازمین کی بحالی اور نیشنل پریس کلب کی عمارت کیلئے گرانٹ کی بحالی سمیت میڈیا کے قوانین بنانے میں یونینز کو شامل کرنے کے مطالبات پیش کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری نیشنل پریس کلب انور رضا نے میڈیا ہاؤسز کی جانب سے ملازمین کو تنخواہوں کی عید سے پہلے ادائیگی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا، انہوں نے کہا کہ اگر فوری طور پر ملازمین کی تنخواہیں ادا نہ کی گئیں تو پارلیمنٹ کے سامنے بڑا احتجاجی دھرنا دیا جائیگا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی وزیراعظم برائے اطلاعات و نشریات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ میڈیا کے مسائل کے حل کیلئے مالکان اور نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مشاورت سے حل کرنے کی ابتداء کردی ہے،مالکان ناانصافی کریں گے تو حکومت پرعزم ہیں کہ وہ صحافیوں کے ساتھ کھڑی ہو گی،ان کی صحافتی تنظیموں سے درخواست ہو گی کہ وہ ابھی دھرنے کا پروگرام چند روز کے لئے ملتوی کر دیں حکومت مالکان سے ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن اقدام کریں گی،انہوں نے کہا کہ آٹھویں ویج بورڈ،ہیلتھ کارڈ، تنخواہ اور صحافیوں کی سیکورٹی کے معاملات کو دیکھ رہے ہیں،انصاف ہیلتھ کارڈ کے اجرا کیلئے وزیر اعظم کے پروگرام میں میڈیا کارکنوں کو بھی شامل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا میں اضطراب معاشرے اور سیاسی کے عدم استحکام کو بھی جنم دیگا، صحافتی تنظیموں کے ساتھ مل کر اشتہارات کی میڈیا ہاؤسز کو ادائیگی کا نظام بنا دیاہے مالکان کو جو رقوم ادا کی جائے گی وہ ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی سے مشروط ہو گی۔انہوں نے کہا کہ میڈیا فرسٹ لائن آف ڈیفنس ہے، میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے۔ ایک سوال کے جواب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ آج ایک غیر منتخب خاتون پارلیمنٹ میں آکر کہتی ہیں کہ وہ عمران خان کو نہیں مانتی ان سے پوچھنا ہے کہ آپ روز اپنا بیانیہ بدلتی ہیں دراصل آپ کا ایک ہی بیانیہ کہ باہر جانے دو،یہ جمہوریت کے کمالات ہیں کہ ایک سزا یافتہ خاتون پارلیمنٹ میں آجاتی ہے اب میڈیا اپوزیشن کا احتساب کرے۔
تازہ ترین