• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کلوگرام کا پرانا پیمانہ ختم، وزن ناپنے کیلئے کبلز بیلنس کا معیاری پیمانہ استعمال ہوگا

کراچی (نیوز ڈیسک) ایک کلوگرام میں وزن کا پیمانہ کیا ہوگا؟ اس بات کا تعین کرنے کیلئے 6؍ ماہ قبل سائنسدانوں کا اجلاس منعقد ہوا تھا جس میں وزن کے معیار کیلئے ایک نیا پیمانہ تجویز کیا گیا تھا جس میں کلوگرام کو نئی تعریف دی گئی تھی۔ اب سابقہ Le Grande K کے پروٹوٹائپ پیمانے کی بجائے Kibbleʼs Balance کے ذریعے کلوگرام میں وزن کا پیمانہ کیا جائے گا۔ کلوگرام کی نئی تعریف پر عملدرآمد شروع کر دیا گیا ہے۔ قبل ازیں، کلوگرام کی تعریف اور اس میں کلوگرام کے معیاری پیمانے (پروٹوٹائپ) کیلئے Le Grande K کے نام سے پیمانہ مقرر کیا گیا تھا۔ 1875ء سے پلاٹینم کے سلینڈر کی شکل میں یہ بین الاقوامی پروٹوٹائپ کلوگرام کا معیاری پیمانہ سمجھا جاتا ہے۔ Le Grande K کے گرد شیشے کی تین حفاظتی جار (دیوار کی صورت میں) رکھے گئے ہیں تاکہ اس پر گرد و غبار یا گندگی نہ پڑے کیونکہ ایسی صورت میں کلوگرام کے وزن میں معمولی تبدیلی سے معیاری پیمانے کا وزن تبدیل ہونے کا اندیشہ تھا۔ اس سلینڈر کو پیرس کے مضافاتی علاقے میں ایک جگہ پویلیوں دا بگوتوئی (Pavillion de Breteuil) میں اس قدر محفوظ رکھا گیا ہے کہ سائنسدانوں کو بھی اس کے استعمال کی اجازت نہیں کیونکہ ان کی انگلیوں سے چکنائی یا دھول مٹی کے ذرات بھی اس سلینڈر سے چپک کر معیاری پیمانہ خراب کر سکتے ہیں جس سے وزن کے پیمانے میں رد و بدل ہو جاتا۔ چونکہ اس قیمتی اور خفیہ رکھے گئے پروٹوٹائپ تک رسائی سب کیلئے ناممکن ہو گئی تھی اور ماہرین کو ڈر تھا کہ اگر پویلیوں دا بگوتوئی جس جگہ یہ سلینڈر محفوظ رکھا گیا ہے؛ اگر وہاں آگ لگ جائے اور سلینڈر پگھل جائے تو پیمانہ خراب ہو سکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کلوگرام کی نئی تعریف اور وزن کا پیمانہ کرنے کیلئے Kibbleʼs Balance کا نیا طریقہ کار اختیار کیا گیا۔ کبلز بیلنس کسی بھی چیز کے وزن میں تبدیلی کا تعین الیکٹرک کرنٹ میں معمولی تبدیلی کے ذریعے کرتا ہے۔ کبلز بیلنس کسی بھی چیز (Mass) پر اثرانداز ہونے والی کشش ثقل کے مساوی الیکٹرو میگنٹک قوت پیدا کرنے کیلئے درکار الیکٹرک کرنٹ ناپتا ہے۔ اس الیکٹرک کرنٹ سے پلانکس کانسٹنٹ کا درست نمبر معلوم کیا جاتا ہے جسے کلوگرام کی تعریف کیلئے استعمال کیا جاتا ہے۔ نئی تعریف کا انحصارمادّی جسم کے بجائے فطرت کی کسی بنیادی خاصیت پر ہوگا جسے دنیا بھر کی تجربہ گاہوں میں بہ آسانی استعمال کیا جاسکے گا۔ یاد رہے کہ پلانکس کانسٹنٹ ایک ایسا عدد ہے جو ایک ذرے کے تعدد یا فریکوئنسی اور اس کی توانائی کے درمیان ربط قائم کرتا ہے۔ اس کے بعد آئن اسٹائن کی معروف ایکویشن E=mc2 کو استعمال کرتے ہوئے اندازے کے مطابق توانائی کو کمیت میں تبدیل کیا جا سکتا ہے۔ اس طرح ذرے کی فریکوئنسی اور وزن کے درمیان تعلق کے ذریعے کلوگرام کی تعریف مرتب کی جا سکتی ہے۔
تازہ ترین