• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلشن اقبال میں پائپ لائن پھٹ گئی،متعدد علاقوں میں پانی کی فراہمی بند

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گلشن اقبال میں کے الیکٹرک کی جانب سے گرڈ اسٹیشن کے قریب کھدائی کے دوران واٹربورڈ کی 84انچ قطرکی پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی ،جس سےشہر کے متعدد علاقوں کو پانی کی فراہمی بند ہو گئی اور قلت پیدا ہو گئی واٹربورڈ کراچی کے مطابق منگل کی شام تک مرمت کا کام مکمل کرکے لائن میں پانی چھوڑ دیا جائے گا،تفصیلات کے مطابق کے الیکٹرک کا عملہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب 3بجے گلشن اقبال بلاک 19میں گرڈ اسٹیشن کے قریب ترقیاتی کام کیلئے کھدائی کررہاتھا کہ اس دوران واٹربورڈ کراچی کی گزرنے والی 84انچ قطر کی پائپ لائن پھٹ گئی،اطلاع ملتے ہی ایم ڈی واٹربورڈ انجینئر اسد اللہ خان نے متعلقہ انجینئرز اورعملے کو مطلوبہ مشینری کے ساتھ وقوعہ پر پہنچنے کی ہدایات دیں ،واٹربورڈ کے عملے نے متاثرہ لائن سے پانی کی فراہمی بند کرادی اور فوری طور پر لائن کی مرمت شروع کردی گئی ، بعد ازاں ایم ڈی نے انجینئرز وافسران کے ساتھ متاثرہ لائن کا معائنہ کیا اور عملے کو ضروری ہدایات جاری کیں ،اس موقع پر ذرائع ابلاغ اور شہریوںسے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ واٹربورڈ کے انجینئرز اور ان کا ماتحت عملہ جانفشانی سے کام کررہا ہے۔دریں اثناء کےالیکٹرک کا 46؍ کروڑ ڈالر کا منصوبہ تیزی سےتکمیل کے مراحل میں ہے جس سے 800؍ میگا واٹ اضافی بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ ترجمان کے الیکٹرک کا کہنا ہے کہ متاثرہ پانی کی لائن کی بحالی پر واٹر بورڈ حکام سےرابطے میں ہیں ، غیر متوقع حادثے پر معذرت خواہ ہیں۔
تازہ ترین