• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب اختلاف کا اصل ہدف احتساب سے بچنا ہے،عندلیب عباس

کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو نیوزکے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں میزبان منیب فاروق سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کاکہنا تھا کہ حزب اختلاف کا اصل ہدف احتساب سے بچنا ہے،حزب اختلاف کی جماعتیں ووٹ کو نہیں بلکہ نوٹ کو عزت دے رہی ہیں۔پیپلزپارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے کہا کہ عوام مسائل کا شکار ہیں افطار ڈنر میں اپوزیشن کا ایک ساتھ بیٹھنا بھی اسی کا ردعمل ہےڈالر آسمان سے باتیں کرنے لگا ،مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی اس لئے اپوزیشن عوام کی آواز بنی ہے۔مسلم لیگ کی رہنما مائزہ حمید نے کہا کہ عوام کا اعتماد موجودہ حکومت سے مکمل طور پر اٹھ چکا ہے،اپوزیشن کوئی سازش نہیں کر رہی اصل خطرہ یہ ہے کہ حکومت اپنی بدترین کارکردگی کے باعث خود نہ گر جائے۔میزبان منیب فاروق نے اپنے تجزیے میں کہا کہ اپوزیشن کو یقین دلانا ہوگا کہ ان کا اتحاد حقیقتاً عوام کیلئے ہے۔عندلیب عباس نے مزید کہا کہ نوازشریف، شہبازشریف،آصف زرداری اور ان کے خاندان احتساب کے عمل کو معطل کروانا چاہتے ہیں موجودہ بحران کی اصل ذمہ دار ماضی کی دوحکومتیں ہیں ،سوارب ڈالر کا قرضہ ،اورقومی اداروں کو نقصان تحریک انصاف نے نہیں بلکہ مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کی حکومتوں نے پہنچایا ہمیں معیشت آئی سی یو میں ملی فی الحال یہ بھاگ نہیں سکتی یہ تاثر درست نہیں کہ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں ناکام ہوچکی ۔غریب عوام کیلئے مختلف پیکیجز دیئے گئے جبکہ بلوں کی قیمتیں صرف امیروں کیلئے بڑھائی گئی ہیں۔
تازہ ترین