• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سٹریٹ کرائم میں شہری قیمتی اشیاء سے محروم، لاکھوں کے ڈاکے اور چوریاں

راولپنڈی، اسلام آباد (سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) مختلف علاقوں میں ڈکیتی ،چوری اورنقب زنی کی وارداتوں میں راولپنڈی کے شہری دوگاڑیوں ،پانچ موٹرسائیکلوں، طلائی زیورات اورنقدی وغیرہ سے محروم ہوگئے۔ امریکہ میں مقیم برادرنسبتی کی جانب سے بھیجے گئے کروڑوں روپے بہنوئی نے خوردبردکرلئے۔ تھانہ نیوٹاؤن کو سہیل گل نے بتایا کہ امریکہ میں مقیم ہوں جہاں سے اپنے بہنوئی شہزاد منظور بھٹی کو رشتہ داروں کی مدد کرنے اور کاروبار میں انوسٹمنٹ کی غرض سے مختلف اوقات میں 6کروڑ 43لاکھ روپے بھیجے جس نے امانت میں خیانت کرتے ہوئے تقریباً 3 کروڑ 30 لاکھ روپے خوردبردکرلئے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔ تھانہ وارث خان کو عاقب خان رفیق نے بتایاکہ میں کزن کے ہمراہ شام کو چاہ سلطان میں گلی میں داخل ہوا اپنا دروازہ کھولا اتنے میں گھر کی بائیں سائیڈ سے 2 نامعلوم موٹرسائیکل ہنڈا 125 پر آئے اور اسلحہ کی نوک پر ہم سے 2 موبائل فون اور 12 ہزار چھین کر فرار ہوگئے ۔ تھانہ نیوٹاؤن کو دین محمدنے بتایا کہ افطار ی سے پہلے مبارک ہوٹل والی گلی اپنے گھر میں داخل ہونے لگا تو 3 نامعلوم ملزمان موٹرسائیکل ہنڈا 125 پر سوار آگئے اور اسلحہ کی نوک پر مجھ سے موبائل فون چھین کر فرار ہوگئے ۔ تھانہ صادق آبادکو راجہ بشارت علی سکنہ محمدی کالونی میلاد چوک صادق آباد نے درخواست دی کہ افطاری کے بعد 2 مسلح افراد گھر میں داخل ہوئے گھرمیں میری بہو ، دوسالہ بچہ اور 13سالہ بیٹی موجود تھے جنہیں مذکورہ افراد نے یرغمال بناکرلے جان سے مارنے کی دھمکی دی اور کمروں کے لاک توڑ کر زیورات 18تولے اور 2لاکھ 50ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے ۔تھانہ صدربیرونی کو احسن طاہر سکنہ گلشن آباد اڈیالہ روڈ نے بتایاکہ گھر سے طلائی زیورات، گھڑیاں ، پرائز بانڈ مالیتی ساڑھے تین لاکھ روپے اور پرفیوم نامعلوم چور چوری کر کے لے گئے۔تھانہ جاتلی کوراجہ کرامت حسین نے بتایاکہ نامعلوم چوران کے گھرکے تالے توڑکر الماری سے 4لا کھ 80ہزار روپے اور 1500یورو چوری کر کے لے گئے ۔تھانہ کہوٹہ کوعدنان عباس نے بتایا کہ میں ٹیکسی چلا تا ہوں ۔گذشتہ روز منڈی موڑ پیرودھائی اپنی مہران کار نمبریایل زیڈکے-6621لیکر سواری کے انتظار میں کھڑا تھا کہ اتنے میں 3ا فراد میرے پاس آئے جنھوں نے مجھے کہا کہ مٹور جانا ہے جنکو گاڑی میں بٹھا کر مٹور کیطرف روانہ ہو گیا جب مٹور لنک روڈ نزد گڑھیٹ راجگان پہنچاتو تینوں اشخاص نے مجھے گاڑی سے باہر نکالا اور آگے جاکر ویران جگہ پر لے جا کر میرے ہاتھ پاؤں باندھ دیئے اور میرا بٹو ا جس میں 8سو روپے ڈرائیونگ لائسنس قومی شناختی کارڈ تھا اور میرا موبائل مجھ سے زبردستی لے کرفرارہوگئے گاڑی کے اندر رجسٹریشن بک بھی موجود تھی ۔تھانہ ویسٹریج کو انجم رحمان سکنہ لین4ویسٹریج نے بتایا کہ 4 نامعلوم ملزمان گھرمیں داخل ہوئے جو اسلحہ کی نوک پر گھر سے 2لاکھ 90ہزارروپے،طلائی زیورات اور میرا پسٹل30بور لائسنسی چھین کر فرارہوگئے۔تھانہ نصیرآبادکو راشدحبیب نے بتایا کہ ڈھوک مستقیم میں کوکاکولا فیکٹری میں کام کرتے ہیں جہاں تین نامعلوم مسلح ڈاکو داخل ہوئے ہمیں ہینڈزاپ کرواکر کیش کا درازتوڑ کر درازمیں سے 17لاکھ50ہزارروپے زبردستی نکال کر فراہوگئے ۔تھانہ ریس کورس کوعرفان انورنے بتایا کہ میں واپس گھر جارہاتھاکہ3 نامعلوم موٹرسائیکل سوار مجھ سے میرے 2موبائل چھین کرفرارہوگئے۔ تھانہ لوہی بھیر کےعلاقے پولیس فائونڈیشن سے نامعلوم چور تنزیل ذوالفقار کے گھر کی کھڑکی توڑ کر نقدی، لیپ ٹاپ اور دو موبائل لے کر چلتے بنے۔تھانہ سبزی منڈی پولیس نےفیضان علی خان کے خلاف خیانت مجرمانہ کا مقدمہ درج کرلیا ہے،اقبال بٹ نے پولیس کو رپورٹ درج کرائی کہ ملزم اس سے کار نمبر سی ای289 رینٹ پر لے گیا نہ تو کرایہ ادا کیا ہے اور نہ ہی گاڑی واپس کررہا ہے۔ مختلف واقعات میں لاکھوں کے چیک ڈس آنر ہو گئے۔
تازہ ترین