• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایگل سکواڈ کی جانب سے شہریوںکو بلاجواز تنگ کرنا معمول بن گیا،بی این پی

کوئٹہ (پ ر) بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنماؤں نے کلی شاہنواز سریاب مل کے پارٹی کارکنان خلیل احمد سمالانی اور نصر اللہ پرکانی کو ایگل سکواڈ کے اہلکاروں کی جانب سے بلاجواز تشدد اور تھانے میں بند کرنے کی ناروا پالیسی کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوئٹہ شہر کے مختلف علاقوں میں ایگل سکواڈ کے ہاتھوں شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنا معمول بن چکا ہے، بلاجواز بغیر تحقیق کے شہریوں کی عزت نفس کو مجروح کیا جا رہا ہے ان خیالات کا اظہار پارٹی کی مرکزی کمیٹی کے ممبر غلام نبی مری ‘ سابق ضلعی صدر میر غلام رسول مینگل ‘ شوکت جان بلوچ ‘ سلام نوری ‘ شیر احمد بنگلزئی ‘ ٹکری داؤد شاہ سمالانی ‘ علی احمد و دیگر نے متاثرہ کارکنوں سے ملاقات کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ بی این پی اپنے کارکنوں کے ساتھ روا رکھے گئے غیر سیاسی ‘ غیر اخلاقی حربوں کو کسی بھی صورت برداشت نہیں کریگی نہ ایسے واقعات پر خاموشی اختیار کریگی ۔انہوں نے کہا کہ جمعہ 17مئی کو صبح دس بجے بی این پی کے کارکن اپنے گھر کے سامنے سیلابی پانی کا جائز لے رہے تھے کہ سکواڈ کے اہلکاروں نے انہیں پوچھے بغیر ہراساں کیا کارکنان نے وجہ پوچھی تو انہوں نے انہیں زبردستی تھانے شفٹ کیا اور کئی گھنٹے تک انہیں تھانے میں رکھا گیا انہوں نے کہا کہ بی این پی یہاں کے عوام کی نمائندہ سیاسی جماعت کی حیثیت سے یہاں کے عوام کے خلاف کسی بھی ناانصافی ‘ ناروا پالیسی پر خاموشی اختیار نہیں کرے گی قانون نافذ کرنے والے اداروں اور حکمرانوں کی ناروا پالیسیوں کے باعث عوام مشکلات سے دوچار ہو رہے ہیں پارٹی نے اس سے پہلے بھی سکواڈ متعلق حکام بالا کی توجہ مبذول کروانے کی کوشش کی سریاب سمیت مختلف علاقوں میں عوام سکواڈ کی پالیسیوں سے نالاں ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ایسی پالیسیوں سے عوام میں مزید نفرتیں بڑھینگی لہذا حکومت اور حکام ایسے واقعات کا نوٹس لیں اور عوام کی شکایت کا ازالہ کریں۔درایں اثناء پارٹی کے رہنماؤں نے گزشتہ دنوں کلی شاہنواز ‘ کلی میر غلام رسول سریاب کسٹم و دیگر ملحقہ علاقوں میں طوفانی بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیا عوام سے ان کی مشکلات دریافت کیں اور کہا کہ پارٹی اس مشکل گھڑی میں یہاں کے عوام کے ساتھ ہے انہیں کسی بھی صورت تنہا نہیں چھوڑیں گے ان کی مشکلات کا ازالہ کرنے کیلئے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ کی توجہ مبذول کرائیں گے تاکہ یہاں کے غریب عوام کو بروقت ریلیف مل سکے طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ان علاقوں میں درجنوں غریب لوگوں کے مکانات منہدم ہو چکے ہیں عوام کھلے آسمان تلے زندگی بسر کرنے پر مجبور ہیں اسی حوالے سے پارٹی رہنماؤں نے گزشتہ روز ڈی سی کوئٹہ اور پی ڈی ایم اے حکام سے ملاقاتیں کیں ان علاقوں میں ہونے والے نقصانات سے آگا ہ کیا حکام نے یقین دہانی کرائی کہ متاثرہ علاقوں کے لوگوں کو ریلیف دینے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے ۔  
تازہ ترین