پنجاب کے وزیر قانون و بلدیات راجا بشارت نے صوبے کی 30 نجی کمپنیاں بند کرنے کی سفارش کردی۔
کمپنیاں بند کرنے کی سفارش راجا بشارت نے اجلاس میں دی، جس میں پنجاب کی 70 پرائیویٹ کمپنیوں کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ان کمپنیوں میں اربوں روپے قرض واپس کرنے کی صلاحیت نہیں،30 کمپنیاں بند کرنے سے اربوں روپے کی بچت ہوگی۔
ان کا کہنا تھا کہ سابقہ حکومت نے کمپنیوں کو خود کفیل بنانے سے متعلق ضروری امور نظر انداز کیے،آج پتہ چل رہا ہے کہ ان کمپنیوں میں اربوں روپے کے قرضے واپس کرنے کی صلاحیت ہی نہیں۔
راجا بشارت نے مزید کہا کہ آئندہ صرف وہی کمپنی کام کرے گی جو خود کفالت پر مبنی بزنس پلان کے ساتھ آئے گی۔
صوبائی وزیر نے اجلاس میں ہدایت دی کہ تمام محکمے 14 جون سے پہلے کمپنیوں کے بارے میں حتمی فیصلہ کرکے رپورٹ بھجوائیں۔
راجا بشارت کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو تجویز دیں گے کہ پرائیویٹ کمپنیوں کے حوالے سے واضح پالیسی بنائی جائے۔