• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی:ڈی جی رینجرز کی زیرصدارت اجلاس،یوم علیؓ پر سیکورٹی کا جائزہ

ڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل عمر احمد بخاری کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کے اجلاس میں21 رمضان المبارک یوم علیؓ کے حوالے سے سیکیورٹی پلان کا جائزہ لیاگیاتاکہ کسی بھی ممکنہ دہشت گردی سے مؤثر انداز میں نمٹا جا سکے۔

رینجرز ہیڈکوارٹرز میں ہونے والے اجلاس میں کمشنر کراچی، ایڈیشنل آئی جی کراچی، ایڈیشنل آئی جی پی، سی ٹی ڈی / اسپیشل برانچ، جوائنٹ ڈی جی آئی بی، ڈی آئی جیز(ایسٹ، ساؤتھ، ویسٹ، سی ٹی ڈی، اسپیشل برانچ، سی آئی اے اور ٹریفک)،پولیس، رینجرز اور حساس اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ یوم علی ؓ کے دوران منعقد کی جانے والی مجالس اور جلوسوں کے ساتھ ساتھ حساس تنصیبات کی سیکیورٹی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے گئے احکامات کی روشنی میں مروجہ قوانین اور ضابطہ اخلاق کی مکمل پاسداری کو ہر ممکن طور پر یقینی بنایا جائے گا۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رمضان المبارک میں امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنانے کے لیے مرتب کی گئی حکمت عملی کا بھی ازسرنوجائزہ لیا۔

اجلاس میں عوام سے اپیل کی گئی کہ صوبے بھر میں امن ا مان قائم رکھنے کے لیے قوانین اور ضابطہ اخلا ق کی پاسداری کریں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے بھر پور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی شرپسند عناصر، مشکوک سرگرمی اور ناخوش گوار واقعہ کی اطلاع  فوری طور پر تعینات رینجرزاہلکار، رینجرز ہیلپ لائن1101، رینجرز مدد گار واٹس ایپ نمبر03162369996 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔

تازہ ترین