• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قائمہ کمیٹی معترض، پھر بھی انضمام کو انگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے کھیل کے اعتراض کے باوجود پاکستان کرکٹ بورڈ نے چیف سلیکٹر انضمام الحق کو 24دن کے آفیشل دورے پرانگلینڈ بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔

وہ ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ورلڈ کپ کے ابتدائی میچوں میں وہ ٹیم کمبی نیشن بنانے کے لئے سرفراز احمد اور مکی آرتھر کی مدد کریں گے۔انضمام الحق کے غیر ملکی دوروں پر جمعے کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی نے اعتراض کیا تھا۔

ممکنہ طور پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے لئے یہ ان کا آخری اسائنمنٹ ہوگا ۔ورلڈ کپ کے بعد پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کی ذمے داریوں سے انھیں سبکدوش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پی سی بی کے ایم ڈی وسیم خان کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ کے بعد سلیکشن کمیٹی کے بارے میں فیصلہ چیئرمین احسان مانی کی مشاورت سے کروں گا ورلڈ کپ کے بعد سلیکٹرز کے عہدے کی معیاد ختم ہوجائے گی۔

انضمام الحق ورلڈ کپ کے دو وارم اپ میچوں کے علاوہ ویسٹ انڈیز ،انگلینڈ،سری لنکا اور آسٹریلیا کے میچوں کے دوران کپتان سرفراز احمد اور ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے ساتھ ٹیم منتخب کریں گے۔ابتدائی میچوں میں الیون کے انتخاب میں انضمام کی رائے اہم ہوگی۔

حیران کن طور پر بورڈ نے چیئرمین سلیکشن کمیٹی پر لاکھوں روپے خرچ کئے ہیں،  لیکن انضمام الحق مانچسٹر میں بھارت کے خلاف اہم ترین میچ سے قبل وطن واپس آجائیں گے۔پی سی بی ترجمان نے تصدیق کی کہ انضمام الحق بدھ کی صبح لاہور سے بر منگھم روانہ ہوں گے اور 15جون کو لاہور واپس آئیں گے۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ انضمام الحق پاکستان ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ان کا قیام ٹیم ہوٹل میں نہیں ہوگابلکہ بورڈ سے ٹی اے ڈی اے لے کر نجی رہائش اختیار کریں گے۔نہ وہ ڈریسنگ روم میں بیٹھیں گے۔ضرورت پڑنے پر ڈریسنگ روم جا سکتے ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہے انضمام الحق ٹیم سلیکشن پر ٹیم انتظامیہ کو مشورہ دے سکتے ہیں۔پاکستانی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں کھلاڑیوں کو ٹپس دے سکتے ہیں۔چار میچوں کے بعد وہ وطن واپس آجائیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ انضمام الحق ماضی کی طرح اس بار بھی انگلینڈ میں نجی رہائش اختیار کریں گے۔وہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران گراونڈ میں موجود ہوں گے۔واضح رہے کہ چیف سلیکٹر بننے کے بعد انضمام الحق غیر ملکی دوروں کا موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتے۔

ماہانہ14لاکھ روپے لینے والے چیف سلیکٹر کا ڈیلی الاونس بھی لاکھوں میں بنے گا۔وہ پاکستانی بیٹسمینوں کو بیٹنگ میں بہتری کے لیے ٹپس دینے کے ساتھ پلینگ الیون کے انتخاب میں بھی ٹیم مینجمنٹ کی مدد کریں گے۔

انضمام الحق ٹیم ہوٹل میں بھی قیام نہیں کررہے بلکہ وہ برمنگھم میں رہائش اختیار کریں گے، بورڈ ترجمان نے انضمام کی انگلینڈ روانگی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انضمام الحق پاکستان اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔

وہ نیٹ پر بیٹسمینوں کی خامیوں کو دور کرنے میں معاونت کرسکتے ہیں اور پلینگ الیون کے انتخاب میں اگر ٹیم ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور کپتان سرفراز احمد ان سے مدد لینا چاہیں تو انضمام الحق سے مشاورت کرسکتے ہیں۔2015میں معین خان چیف سلیکٹر کی حیثیت سے گئے تھے اور کرائسٹ چرچ کسینو اسکینڈل کے بعد ان کی متنازع انداز میں وطن واپسی ہوئی تھی۔

تازہ ترین