• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہواوے فونز پر پابندی کی وجہ کیمرے میں زوم کی جدید صلاحیت؟

کراچی (نیوز ڈیسک) سازشی نظریات پیش کرنے والوں نے ہواوے فونز پر امریکا کی پابندیوں کی وجہ چائنیز کمپنی کے نئے ماڈل کے فون میں نصب کیمرے کی زوم کرنے کی زبردست صلاحیت کو قرار دیا ہے اور کہا ہے کہ جدید ترین کیمرا اور اس میں 50؍ ایکس سپر آپٹیکل زوم نے امریکیوں کا دماغ چکرا دیا ہے۔ امریکی محکمہ تجارت نے ہواوے ٹیکنالوجیز پر امریکی اشیاء خریدنے کی پابندی گزشتہ ہفتے عائد کی تھی اور کہا تھا کہ یہ کمپنی چین کی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی معاونت کرتی ہے اور ایران پر عائد کردہ پابندیوں کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں تعینات چین کے ڈپٹی چیف آف مشن ژائو لی ژیان نے اپنے ٹوئٹر اکائونٹ پر ایک ویڈیو جاری کی ہے جس میں ہواوے کمپنی کے P30 پرو موبائل فون میں موجود 50x آپٹیکل زوم کی صلاحیت دکھائی گئی ہے۔ یہ ویڈیو کثیر المنزلہ عمارت کی چھت سے ریکارڈ کی گئی ہے جس میں عمارت کے نیچے کرسیوں پر چائنیز شطرنج کھیلنے والے دو لڑکوں کو دکھایا گیا ہے۔ ویڈیو میں زوم کرتے ہوئے شطرنج کی گوٹیوں پر چھپی تصاویر کو واضح طور پر دکھایا گیا ہے۔ ژائو نے ٹوئٹر پرلکھا ہے ’’ہواوے کی وجہ سے امریکا کیوں کانپ رہا ہے اور کیوں پاگل ہو رہا ہے؟ ہواوے کے نئے فون میں کیمرا کا زوم پاگل کر دینے والا ہے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ اگر آپ ہواوے کے لوگو کو غور سے دیکھیں تو معلوم ہوگا کہ ہم نے ایپل کے ٹکڑے کر دیے ہیں، ڈونلڈ ٹرمپ چین کی نجی کمپنی سے اس قدر نفرت کرتے ہیں کہ انہوں نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔‘‘ یاد رہے کہ ہواوے نے P30 مارچ میں لانچ کیا تھا لیکن امریکا میں باضابطہ طور پر خریدا نہیں جا سکتا۔ 2017ء میں کمپنی امریکا میں صرف 2؍ فیصد فونز فروخت کر پائی، حالانکہ کمپنی ہر سال 20؍ کروڑ فون بھجواتی ہے۔ لاطینی امریکا سے اَن لاک کرکے بھیجے گئے ایسے ہواوے فونز، جو کچھ امریکی موبائل کمپنیوں پر چل سکتے ہیں، آن لائن خریدے جا سکتے ہیں لیکن یہ فونز صرف ایسے لوگوں کو اپنی طرف متوجہ کر پائے جو موبائل بار بار بدلنے کے شوقین ہیں یا پھر ٹیکنالوجی کی خبروں کی کوریج کرنے والے صحافی۔ سوشل میڈیا پر بھی کئی صارفین ہواوے فونز کے زوم کی تعریفیں کر رہے ہیں۔

تازہ ترین