• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

 کراچی (نیوز ڈیسک) یمن میں سرگرم حوثی باغیوں نے پیر کو ذرائع ابلاغ میں گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ انھوں نے مسلمانوں کے مقدس ترین شہر مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی کوشش کی ہے۔ حوثی باغیوں نے تاہم کہا ہے کہ انھوں نے سعودی عرب کے جنوبی صوبے نجران میں ایئرپورٹ پر اسلحے کے ایک ڈپو کو نشانہ بنایا ہے۔سعودی عرب کی سرکاری خبررساں ایجنسی کے مطابق اِس حملے کی تصدیق کرتے ہوئے یمن میں سعودی اتحاد کے ترجمان نے کہا ہے کہ دھماکہ خیز مواد سے لیس ایک ڈرون کے ذریعے اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جو عام لوگوں کے زیرِ استعمال تھیں۔ حوثیوں کے المصیرہ ٹی وی کی ویب سائٹ پر منگل کی صبح شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اِس حملے میں ’کے ٹو قصیف ایئرکرافٹ کا استعمال کیا گیا ہے۔ حوثیوں کے مطابق اِس حملے کے بعد وہاں آگ بھڑک اٹھی۔سعودی اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا کہ ʼ حوثی دہشتگردوں کی کارروائیاں جاری ہیں جو خطے اور دنیا کے لیے ایک حقیقی خطرہ ہیں۔قبل ازیں سعودی ٹی وی العربیہ کی ویب سائٹ نے پیر کو عینی شاہدین کے حوالے سے خبر دی کہ ’مکہ کو میزائل سے نشانہ بنانے کی حوثی باغیوں کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا ہے۔‘عینی شاہدین کا حوالہ دیتے ہوئے العربیہ نے خبر شائع کی کہ ’سعودی عرب کی ایئر ڈیفنس فورسز نے طائف اور جدہ کے اوپر حوثی باغیوں کے دو میزائلوں کو فضا میں تباہ کر دیا ہے جن میں سے ایک کے ٹکڑے وادی جلیل میں گرے۔

تازہ ترین