• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہنگائی کے باعث ماہ رمضان میں خواتین کیلئے گھر یلوبجٹ بنانا دشوار

ملتان (سٹاف رپورٹر) بڑھتی ہوئی مہنگائی کے باعث ماہ رمضان میں خواتین کیلئے گھر یلو بجٹ بنانا دشوار ہوگیا ۔ معلوم ہواہے کہ حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات ،گیس ، اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے سےجہاں لوگوں کے مسائل میں اضافہ ہواہے اوروہاں خواتین کیلئے گھریلو اخراجات محدود آمدنی میں پورا کرنا مشکل ہوگیا ۔اس سلسلے میں جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے امینہ حسین بلوچ نے کہا کہ رمضان المبارک میں مہنگائی کا طوفان آگیا ۔ پاکستان میں رمضان کی آمد کے ساتھ ہی مہنگائی کا جن بے قابو ہوجاتا ہے۔منافع خوروں نے پھلوں ،سبزیاں سمیت اشیا خوردونوش کی قیمتیں آسمان پر پہنچا دی ہیں ۔اس قدر مہنگائی کے دور میں گھر کا بجٹ بنانا ا مشکل ہوگیا ہے ۔خالدہ پروین نے کہا کہ دنیا میں مذہبی تہوار کی آمد پر قیمتوں میں کمی کردی جاتی ہے لیکن ہمارے ملک میں ہر چیز مہنگی کردی جاتی ہے۔سبزی،پھل،گوشت،دودھ سب کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگی ہیں ۔مہنگائی کےباعث کچن چلانا مشکل ہوگیا ۔نورین سجاد کا کہنا ہے کہ ر مضان بازاروں میں ناقص اشیابھی مہنگے داموں مل رہی ہیں۔بچے پانی اور نمک سے افطار پر تیار نہیں ہوتے ۔ سمجھ میں نہیں آتا کیا کریں۔نسرین بی بی نے کہا کہ ہم پورے مہینے کی افطاری وسحری کیلئے سامان خریدنے گئے مگر مہنگائی نےدن میں تارےدکھادیئے۔ تنخواہوں میں اضافہ نہیں ہوتا مہنگائی ہر ماہ کئی گنا بڑھ جاتی ہے۔ مہنگائی کے باعث گھریلوبجٹ درہم برہم ہوکر رہ گیا ہے۔ حکومت مخصوص علاقوں میں رمضان بازار لگا کر عوام کو بیوقوف نہ بنائے بلکہ عام بازاروں میں بھی قیمتوں کو کنٹرول کرےتاکہ خواتین گھر کے کچن کو چلاسکے۔
تازہ ترین