• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں سپر ہائی وے پر سبزی منڈی میں کیلے کا چھلکا پھینکنے اور اس سے ایک تاجر کے پھسلنے پر فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ 4 افراد زخمی ہوگئے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق فائرنگ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ہے۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر نے جنگ کو بتایا کہ سبزی منڈی میں ایک شخص نے دکان کے باہر کیلے کا چھلکا پھینکا جس پر پانی کا چھڑکاؤ کیا تو پھسلن ہوگئی، اس دوران ایک تاجر پھسل کر گر پڑا جس پر تلخ کلامی ہوئی اور بات ہاتھا پائی اور پھر دو فریقوں میں تصادم تک پھیل گئی۔

کیلے کے چھلکے کے باعث گرنے والے آڑھتی نے فون کرکے اپنے ساتھی بلوا لیے جنہوں نے آتے ہیں دوسرے فریق پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔

ایس ایس پی ملیر عرفان بہادر کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ تین افراد زخمی ہوئے۔ ایس ایس پی عرفان بہادر کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے دو ملزمان مومن خان اور بسم اللہ خان کو گرفتار کر لیا گیا ہے جن کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے۔

ایس ایس پی عرفان بہادر کے مطابق واقعہ کا مقدمہ سائٹ سپرہائی وےتھانے میں درج کیا جارہا ہےجبکہ فائرنگ کرنے والے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے بعد سبزی منڈی میں کام معمول کے مطابق جاری ہےاور وہاں سائٹ سپر ہائی وے پولیس کی نفری تعینات ہے۔

دوسری جانب پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ سبزی اور فروٹ منڈی میں کام بند نہیں ہوا، اس سلسلے میں غلط افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔

تازہ ترین