• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

موسم بدل رہا ہے، ورلڈ کپ میں ریورس سوئنگ اہم ثابت ہوگی، مکی آرتھر

کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی سیریز میں مثبت بات یہ رہی کہ ہم نے نا قابل یقین حد تک زبردست بیٹنگ کی۔ ورلڈ کپ میں ہم خوشگوار یادوں کے ساتھ آرہے ہیں کٹ تبدیل ہوئی ہے لڑکے تازہ دم ہیں۔ ہم نے دس سنچریاں بنائیں لیکن کوئی بھی میچ وننگ اننگز نہیں کھیل سکا۔ ان اننگز کو میچ وننگ اننگز میں تبدیل کرنا ہوگا۔ بدھ کو میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مکی آرتھر نے کہا کہ دو لڑکے بیماری کے بعد ٹیم میں آئے ہیں اور دو لڑکے وہاب ریاض اور آصف علی کو بھی ورلڈ کپ میں شامل کیا گیا ہے۔ سخت محنت کا کوئی نعم البدل نہیں ہے۔ لڑکے اچھی کنڈیشن میں کام کررہے ہیں۔ فیلڈنگ پر کام ہورہا ہے۔ ہم نے فیلڈنگ میں کچھ فاش غلطیاں کیں لیکن ہمارے پاس بابر اعظم اور فخر زمان جیسے فیلڈر ہیں جو کہیں بھی فیلڈنگ کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 280،290 کی ٹیم کہا جارہا تھا ہم نے340 زائد رنز بنائے انگلینڈ میں موسم تبدیل ہورہا ہے اور ورلڈ کپ میں ریورس سوئنگ کا کردار اہم ہوگا۔ فاسٹ بولر حسن علی کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ صرف پاکستان اور بھارت کا میچ نہیں ہے، ورلڈ کپ میں 8 دیگر میچ بھی ہیں، ہاں یہ درست ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ کو بہت زیادہ اہمیت دی جاتی ہے اور دنیا اسے دیکھتی بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ یہ ایک پریشر گیم ہوتا ہے جس میں وہی جیتے گا جو اپنے اعصاب پر قابو رکھتے ہوئے بہترین کھیل کھیلے گا۔دریں اثنا آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ میں پاک بھارت ٹاکرے کیلئے انگلینڈ نے ممکنہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر حکمت عملی تیار کر لی ہے، میگا ایونٹ کے سب سے بڑے میچ کے دوران مسلح سیکیورٹی افسران تعینات کیے جائیں گے۔اسٹیڈیم کے ارد گرد کی آبادی میں لوگوں کی آمدو رفت کی بھی نگرانی کی جائے گی۔ پولیس نے مقامی پاکستانی اور بھارتی کمیونٹی کی جانچ پڑتال بھی مکمل کر لی ہے۔برطانوی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق 16 جون کو اولڈ ٹریفورڈ میں ہونے والے میچ کیلئے بہت زیادہ جوش و خروش پایا جاتا ہے اس مقابلے کو دیکھنے کیلئے 5 لاکھ شائقین نے درخواست کی جبکہ اسٹیڈیم کی گنجائش صرف 25 ہزار ہے۔

تازہ ترین