• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خواتین کرکٹ،ندا کی ریکارڈ اننگز پاکستان کے کام نہ آسکی

 کراچی (اسٹاف رپورٹر) بینونی میں جنوبی افریقا نے آخری اوور میں میچ جیت کر پانچ میچز پر مشتمل ٹی 20 کرکٹ سیریز دو دو سے برابر کردی۔ میزبان ٹیم نے پانچ وکٹ پر پاکستان کا دیا گیا 172رنز کا ہدف آخری اوور میں حاصل کرلیا۔ندا کی ریکارڈ تیز ففٹی گرلز ان گرین کے کام نہ آئی۔ لیزلی لی نے 31گیندوں پر گیارہ چوکوں کی مدد سے 60رنز کی دھواں دھار اننگز کھیلی ۔پاکستان کی فاطمہ ثنا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ قبل ازیں ندا ڈار اس فارمیٹ میں تیزترین نصف سنچری کرنے والی ایشیا کی پہلی کھلاڑی اور دنیا کی دوسری کھلاڑی بن گئیں۔ انہوں نے پاکستان کی جانب سے خواتین ٹی 20 میں سب سے بڑا اسکور بنایا اس سے قبل جویریہ خان نے74رنز بنائے تھے۔ گوجرانوالہ سے تعلق رکھنے والی ندا ڈار نے چوتھے ٹی ٹوئنٹی میں 20 گیندوں پر 3 چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے نصف سنچری بنائی۔ انہوں نے مجموعی طور پر 37گیندوں پر 75 رنز بنائے۔ انگلینڈ کی سوفی ڈیوائن 18گیندوں پر ففٹی بناکر ورلڈ ریکارڈ ہولڈر ہیں۔ ندا ڈار نے اس اننگز کے دوران ہزار رنز بھی مکمل کر لئے۔ انہوں نے 84 اننگز میں1058رنز بنائے ہیں۔ بسمعہ معروف نے 93اننگز میں1966 اور جویریہ خان نے85 اننگز میں1548رنز بنائے ہیں۔
تازہ ترین