• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کرکٹرز اہلخانہ کو ساتھ نہ رکھنے کی پابندی پر بورڈ سے ناراض

کراچی(عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر)پاکستانی کرکٹرز ورلڈکپ کے دوران اہلخانہ کو ساتھ نہ رکھنے کے پی سی بی کے اس فیصلے پر ناراض دکھائی دیتے ہیں۔ اس سے کپتان سرفراز احمد اور محمد حفیظ براہ راست متاثر ہورہے ہیں جبکہ پی سی بی نے اسپیشل کیس کے طور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل کو اپنی بیگم اور بیٹی کو ساتھ رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ حارث سہیل کی بیٹی بیمار ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی سیریز کے دوران کھلاڑیوں کو بیگم بچے ساتھ رکھنے کی اجازت تھی لیکن ورلڈ کپ مہم شروع ہوتے ہی انہیں ہوٹل سے بھیج دیا گیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کرکٹرز نے پی سی بی سے فیصلے پر نظرثانی کی درخواست کی ہے۔ کرکٹرز کا کہنا ہے کہ وہ ٹیم ہوٹل میں اپنے پیسوں سے کمرہ کرائے پر حاصل کر لیں گے ۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ اگر کوئی کھلاڑی بیگم بچوں کو انگلینڈ بلواتا ہے تو کسی اور ہوٹل میں رکھ سکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آسٹریلیا جنوبی افریقا اور نیوزی لینڈ حکام نے کھلاڑیوں کے بیگمات، بچوں اور گرل فرینڈز کو رہنے کی اجازت دی ہوئی ہے ۔ سر فراز احمد کے بیگم اور بیٹا انگلینڈ کی سیریز کے دوران ان کے ساتھ تھے جبکہ محمد حفیظ کی اہلیہ اور بچوں نے ورلڈ کپ کے دوران انگلینڈ آنا تھا۔
تازہ ترین