• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکومت نااہل، مہنگائی کے سونامی نے عوام سے دال روٹی بھی چھین لی، بلاول

اسلام آباد( نمائندہ جنگ)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نااہل حکومت نے ملک کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ میڈیا رپورٹس بتا رہی ہیں کہ صرف چار روز میں غیرملکی قرضوں میں ایک ہزار ارب روپے کا اضافہ ہوا ہے،حکومت نا اہل، مہنگائی کی سونامی نے لوگوں سے دال روٹی بھی چھین لی ، چاہے جتنا بھی ظلم کریں ہمیں ڈرا یا جھکا نہیں سکتے، ڈکٹیٹروں کو شکست دی،یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے۔پیپلزپارٹی اسلام آبادکے عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ تجاوزات کی آڑ میں غریبوں کے گھر گرائے گئے یہ بہت بڑا ظلم ہے۔ مزدوروں اور محنت کشوں سے روزگار چھین لیا گیا یہ بہت بڑی ناانصافی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ آج حالت یہ ہے کہ مہنگائی کی سونامی نے لوگوں سے دال روٹی بھی چھین لی ہے۔ غریبوں کا جینا مشکل بنا دیا گیا ہے۔ کچی آبادیوں میں رہنے والوں کے لئے مشکلات کھڑی کی جا رہی ہیں۔ ایسے حالات میں پاکستان پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکن کیسے خاموش رہ سکتے ہیں۔ یہ چاہے جتنا بھی ظلم کریں ہمیں ڈرا یا جھکا نہیں سکتے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت اور کارکنوں نے بڑے بڑے ڈکٹیٹروں کو شکست دی۔ یہ کٹھ پتلی کیا چیز ہے؟ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو کا نواسہ اور محترمہ بینظیر بھٹو شہید کا بیٹا میدان میں آچکا ہے۔

تازہ ترین