• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بھارت میں عام انتخابات کے بعد ووٹوں کی گنتی کا عمل جاری ہے، ابتدائی سامنے آنے والے نتائج میں بی جے پی کے اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس آگے ہے، ووٹوں کی گنتی مکمل ہوتے ہی بھارتی الیکشن کمیشن نتائج کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لوک سبھا کی 542 نشستوں میں سے 246نشستوں کی ووٹوں کی گنتی مکمل ہوگئی ہے۔ ابتدائی نتائج کے مطابق بھارتیہ جنتا پارٹی کا اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس 164نشستوں سے آگے ہے ۔

کانگریس کا اتحاد یونائٹڈ پروگریسیو الائنس 51 نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے، جبکہ انتخابات میں دیگر جماعتوں کو اب تک 32 نشستیں ملی ہیں۔

بھارتی عام انتخابات کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی وزیر اعظم مودی کو واراناسی کی نشست پر برتری حاصل ہے جبکہ کانگریس کے صدر راہول گاندھی امیٹھی کی نشست پر بی جے پی کی رہنما سمرتی ایرانی سے پیچھے ہیں، تاہم کیرالہ کی نشست سے انہیں برتری حاصل ہے۔

گاندھی نگر کی نشست پر بی جے پی کے سربراہ امیت شاہ اور لکھنو سے راج ناتھ سنگھ کو برتری حاصل ہے،جبکہ بھارتی پنجاب کی نشست گرداس پور سےبی جے پی کے امیدوار بالی ووڈ اداکار سنی دیول ووٹوں میں آگے ہیں ۔

اتر پردیش کی رائے بریلی کی سیٹ سے کانگریس رہنما سونیا گاندھی اور کیرالہ کی نشست پر کانگریس رہنما ششی تھرور ووٹوں میں آگے ہیں۔

تازہ ترین