• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد میں دس سالہ بچی فرشتہ کو اغوا کرنے کے بعد زیادتی کا نشانہ بنانے اور قتل کردینے کے معاملے میں حکومت نے فرشتہ کے لواحقین کو بطور مالی امداد 20 لاکھ روپے دینے کی منظوری دے دی۔

فرشتہ کے اہل خانہ کو 20 لاکھ روپے دینے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

مقتول بچی کے لواحقین کی مالی مدد کا مطالبہ احتجاج کو ختم کرنے کے مذاکرات میں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ 10 سالہ فرشتہ کو اسلام آباد میں اس کے گھر کے باہر سے اغوا کیا گیاتھا، جس کے 10 دن بعد اس کی لاش ملی تھی۔

وزیر اعظم عمران خان نے گزشتہ روز فرشتہ کے قتل کا ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی عابد کو معطل اور ایس پی عمر خان کو او ایس ڈی بنا دیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار اور ڈی آئی جی آپریشنز وقار الدین سید سے بھی معاملے پر وضاحت طلب کرلی تھی۔

بچی کی تلاش اور مقدمہ درج کرنے میں تاخیر کرنے والے ایس ایچ او شہزاد ٹاؤن اور دیگر اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

ادھر سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بچی فرشتہ کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کی تھی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ واقعے کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، پاک فوج اس معاملے پر ہر قسم کی مدد کےلیے تیار ہے۔

تازہ ترین