• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وفاق سندھ کے اسپتالوں سے متعلق فیصلہ واپس لے، بلاول

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی حکومت کی جانب سے سندھ کے تین اسپتالوں کا کنٹرول اپنے ہاتھوں میں لینے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے اس اقدام کو صوبائی خودمختاری پر حملے کے مترادف قرار دیا ہے۔

ایک بیان میں بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت عوامی غیظ و غضب سے قبل سندھ کے تین اسپتالوں سے متعلق اپنا فیصلہ واپس لے، ہر فورم پر وفاقی حکومت کے اس اقدام کی مزاحمت کی جائے گی۔

بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے سپریم کورٹ میں حکومت سندھ کی نظرثانی اپیل پر فیصلہ آنے کا بھی انتظار نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ جے پی ایم سی، این آئی سی وی ڈی اور این آئی سی ایچ پر سندھ کے عوام کے اربوں روپے لگے ہوئے ہیں،اٹھارویں ترمیم کے تحت ملنے والے مذکورہ اسپتالوں میں حکومت سندھ نے انقلابی اقدامات اٹھائے،این آئی سی وی ڈی کا دیگر شہروں میں قیام حکومتِ سندھ کا قابل تحسین اقدام ہے۔

چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ این سی آئی وی ڈی میں ملک بھر سے آنے والے مریضوں کے علاج کے اخراجات سندھ حکومت نے اُٹھا رکھے تھے،پاکستان پیپلز پارٹی اور سندھ کے عوام اپنے ٹیکس اور محنت سے بنائے اثاثوں کو غصب نہیں کرنے دیں گے۔

بلاول بھٹو زرداری نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کی جانب سے وفاقی وزراء کے خلاف تحقیقات روکنے کے اعترافی بیان اور وفاقی حکومت کے حالیہ اقدام نے ملک میں آئینی بحران کو ظاہر کردیا ہے۔

تازہ ترین