• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں اتائیوں کی غفلت، 35سالہ خاتون جان سے ہاتھ دھو بیٹھی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی میں اتائیوں کی غفلت سے 35سالہ خاتوں اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھی ۔ اہلخانہ نے تیموریہ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا تاہم پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں ناکام ہے۔ خاتون کے چچا اشرف نے بتایا کہ ان کی 35سالہ بھتیجی رابعہ زوجہ محمد حسین کےپیٹ میں درد تھا جس پروہ اسے نارتھ ناظم آباد بلاک این میں واقع کلینک لے گئے ۔ کلینک میں موجود ڈاکٹرزنے بتایا کہ اس کے پیٹ میں پتھری ہے جس کا آپریشن کیا جائے گا۔ آپریشن کےلئے صبح 10بجے لے کر گئے اور دن 3بجے واپس لائے لیکن رابعہ کی طبیعت بگڑتی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ اس دوران ہمارے علم میں لائے بغیر بھتیجی کو پچھلے دروازے سے دوسرےاسپتال لے جایا گیا ۔ جب ہمارے علم میں آیا تو ہم اس اسپتال پہنچ گئے جہاں رابعہ کو وینٹی لیٹر پر ڈالا گیا تھا۔ اسپتال کے ڈاکٹروں نےبتایا کہ آپ کی بھتیجی اب اس دنیا میں نہیں رہی اور اسے مردہ حالت میں اسپتال لایا گیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ پھر ہم رابعہ کو پوسٹ مارٹم کے لئے عباسی شہید اسپتال لے کر گئے جہاں لیڈی ڈاکٹر نہ ہونے پر ہمیں جناح اسپتال بھیج دیا گیا ۔ جناح اسپتال میں پوسٹ مارٹم کے بعد ڈاکٹر نے بتایا کہ ناتجربہ کاری اور مجرمانہ غفلت سے رابعہ کی جان گئی ہے ۔
تازہ ترین