• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ای کورٹ سسٹم،سپریم کورٹ میں 27مئی سے ویڈیو لنک پر مقدمات کی سماعت

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)ویڈیو لنک پر مقدمات کی سماعت کیلئے سپریم کورٹ27مئی سے ای کورٹ سسٹم کا آغاز کررہی ہے ، ابتدائی طور پر یہ نظام سپریم کورٹ کی پرنسپل سیٹ اسلام آباد اور کراچی برانچ رجسٹری کے مابین منسلک کیا جائے گا ،چیف جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ سوموارکے روز سپریم کورٹ کی پرنسپل سیٹ اسلام آباد سے ویڈیو لنک کے ذریعے مقدمات کی سماعت کرے گاجبکہ کراچی کے وہ وکلاء جن کے مقدمات پرنسپل سیٹ پر مقرر ہیں ،کراچی برانچ رجسٹری سے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنے دلائل دیں گے ،سپریم کورٹ کے پریس ریلیز کے مطابق پاکستان کی عدالتی تاریخ میں پہلی بار ای کورٹ سسٹم متعارف کروایا گیا ہے،جس کےذریعے عدالتیں جدید ترین ویڈیولنک کے ذریعے ایک دوسری سے منسلک ہوں گی ، اس سے جہاں وکلاء اور سائلین کو فائدہ ہوگا اس کے ساتھ ساتھ عدالتی نظام بھی مضبوط ہوگا ، ابتدائی طور پر یہ نظام سپریم کورٹ کی پرنسپل سیٹ اسلام آباد اور کراچی برانچ رجسٹری کے مابین منسلک کیا جائے گا ،پریس ریلیز کے مطابق ای کورٹ سسٹم سے جہاں وقت اور پیسے کے ضیاع سے بچا جاسکے گا، وہیں پرمقدمات کے التواء کی بھی حوصلہ شکنی جبکہ وکلاء کی حوصلہ افزائی ہوگی کہ وہ اپنی متعلقہ برانچ رجسٹری سے ہی دلائل پیش کرسکیں گے ۔

تازہ ترین