• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مودی دوبارہ وزیراعظم، پاکستان سے مذاکرات نہیں کرینگے، تجزیہ کار

کراچی (ٹی وی رپورٹ) بھارت میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے واضح برتری حاصل کر لی ہے باآسانی دوسری مرتبہ حکومت بنانے میں کامیاب ہوجائے گی، وزیراعظم عمران خان نے کہا تھا کہ نریندر مودی وزیراعظم بن گئے تو پاک بھارت کشیدہ حالات میں بہتری آسکتی ہے تو کیا مسئلہ کشمیر پر مذاکرات کا امکان پیدا ہوسکتا ہے؟ تجزیہ کاروں نے کہا کہ مودی پاک بھارت مذاکرات کی طرف آنہیں سکتا،آر ایس ایس ہندوستان میں موجود مسلمانوں کا وجود تک برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔10 سالہ بچی فرشتہ کے ساتھ درندگی و قتل سے متعلق پولیس کا رویہ افسوسناک تھا،ایسے واقعات پر فوری ایکشن لینے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار حفیظ اللہ نیازی، سلیم صافی، ریما عمر، ارشاد بھٹی اور بابر ستار نےجیو نیوز کے پروگرام ’’رپورٹ کارڈ ‘‘میں میزبان ابصاء کومل سےگفتگو پر اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کیا۔سینئر تجزیہ کار صحافی سلیم صافی کا کہنا تھا کہ یہ بدقسمتی ہے کہ انڈیا نے دونوں ممالک کے تعلقات کی چابی ناپسندیدہ عناصر کے ہاتھ میں دی ہوئی ہے۔ریما عمر کا کہنا تھاکہ بھارت کے ساتھ امن اسی صورت میں ہوسکتا ہے کہ ہم اپنے تعلقات آگے بڑھائیں ‘تجارت بڑھائیں اور ڈپلومیٹک سطح پر بات چیت ہوتی رہے۔حفیظ اللہ نیازی کا کہنا تھا کہ مودی آر ایس ایس کی پیداوار ہے اور آر ایس ایس وہ ہے جو پاکستان تو ایک طرف ہندوستان میں موجود مسلمانوں کا وجود تک برداشت کرنے کو تیار نہیں ہے۔ بابر ستار نے کہا کہ مودی دوبارہ منتخب ہوکر آگئے ہیں کیونکہ اب یہ کشمیر کا اسٹیٹس ختم کرنا چاہتے ہیں۔ارشاد بھٹی نے کہا کہ اس وقت صورتحال کافی عجیب سی ہے کیونکہ مودی مذاکرات کی طرف آنہیں سکتا تاہم ہوسکتا ہے کہ وہ ہسٹری میں نام لکھوانے کے لئے کہہ دیں کہ آئیں جی ہم مذاکرات کرتے ہیں تاہم اس میں جو رکاوٹیں ہیں وہ مسئلہ کشمیر ‘ کلبھوشن ‘ سانحہ پلوامہ ‘ سانحہ سمجھوتہ ایکسپریس اور ممبئی دھماکے ہیں۔

تازہ ترین