• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب کی اپنے چیئرمین کے حوالے سے نشر کی گئی خبر کی تردید

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) قومی احتساب بیورو نے نجی چینل پر چیئرمین نیب کے حوالے سے نشر ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کرتے ہوئے اسے حقائق کے منافی‘ من گھڑت‘ بے بنیاد اور جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایک بلیک میلرز کا گروپ ہے جس کا مقصد نیب اور چیئرمین نیب کی ساکھ کو مجروح کرنا ہے۔ نیب نے تمام دبائو اور بلیک میلنگ کو پس پشت رکھتے ہوئے اس بلیک میلر گروہ کے دو افراد کو نہ صرف گرفتار کیا ہے بلکہ ریفرنس کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس بلیک میلر گروپ کیخلاف ملک کے مختلف حصوں میں 42ایف آئی آرز درج ہیں جن میں بلیک میلنگ‘ اغوا برائے تاوان‘ عوام کو بڑے پیمانے پر لوٹنے‘ نیب اور ایف آئی اے کے جعلی افسر بن کر سرکاری اور پرائیویٹ افراد کو بلیک میل کر کے کروڑوں روپے لوٹنے کے ثبوت نیب کے پاس موجود ہیں۔ موجودہ خبر بھی بلیک میلنگ کر کے نیب کے ریفرنس سے فرار کا راستہ ہے۔ واضح رہے اس مذکورہ بلیک میلر گروپ کا سرغنہ اس وقت کوٹ لکھپت جیل لاہور میں قید ہے۔ اسکے علاوہ مذکورہ چینل نے بھی اپنی خبر کی تردید اور اسے حقائق کے منافی قرار دیتے ہوئے چیئرمین نیب سے دل آزاری پر معذرت کی ہے ۔
تازہ ترین