کراچی والو ہوجاؤ ہوشیار! شہر میں گرمی کی ایک اور لہر آنے کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے کراچی میں کل سےپھر درجہ حرارت 41 تک جانے کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کے مطابق گرمی کی لہر ہفتے سے پیر تک رہے گی، اس دوران درجۂ حرارت 39 سے 42 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں بند ہونے سے حبس زیادہ محسوس کیا جائے گا جبکہ شمال مغربی علاقوں سے چلنے والی گرم اور خشک ہوائیں گرمی کی شدت میں اضافے کا باعث بنیں گی۔
شہر میں ہیٹ ویو کی یہ دوسری لہر ہے، گرمی کے لہر کے دوران روزے دار احتیاط سے کام لیں،رواں ماں کے آغاز میں 4 دن ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہے تھے۔
شہر قائد کا موسم آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے جبکہ مطلع جزوی ابرآلود رہے گا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35سے 37ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہنے کا امکان ہے، موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔
شہر میں جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں جبکہ ہوا میں نمی کا تناسب 55فیصد ہے۔
رات گئے پنجاب کے متعدد شہروں میں بارش، سندھ میں طوفانی ہواؤں کےساتھ بارش سے سائن بورڈز اور درخت گر گئے۔
بلوچستان کے ضلع لورالائی میں شدید ژالہ باری ہوئی، تفتان کےقریب ایرانی حدود میں حفاظتی بند ٹوٹنے سے پاکستانی امیگریشن دفاتر اور راہداری گیٹ کو نقصان پہنچا۔