• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایفل ٹاور غیر معینہ مدت تک سیاحوں کے لئے بند

پیرس (این این آئی )فرانسیسی حکام نے معروف سیاحتی مرکز ایفل ٹاور کو نا معلوم شخص کی جانب سے سر کرنے کی کوشش کے بعد اسے زائرین کے لئے بند کر دیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق پیرس کے قلب میں واقع سیاحتی وثقافتی مرکز کے میڈیا سینٹر کے اعلان میں کہاگیاکہ مقامی وقت بعد دوپہر ایک نامعلوم شخص نے اس بلند ٹاور پر چڑھنے کی کوشش کی تاہم یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ نامعلوم شخص ٹاور پر کتنی بلندی تک پہنچ گیا جب اسے نیچے اتارنے کے لئے کارروائی کی گئی،پیرس پولیس کی خاتون ترجمان نے بتایا کہ فائر بریگیڈ عملے میں بلندی پر کارروائی کے لئے خصوصی طور پر تربیت یافتہ اہلکار نے جائے وقوعہ پر پہنچ کر ٹاور پر چڑھنے والے شخص سے مذاکرات شروع کئے، تاہم وہ بلند ٹاور کو خطرناک زاویئے سے سر کرنے کی وجوہات بتانے کو تیار نہیں۔ حکام نے اس واقعے سے متعلق مزید کوئی تفصیل اور نہ ہی یہ بتایا کہ ایفل ٹاور کب سیاحوں کے لئے دوبارہ کھلے گا۔ اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر ایفل ٹاور پر چڑھنے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں۔ دو ہزار پندرہ میں برطانیہ سے تعلق رکھنے والے اتھلیٹ جیمز کنگسٹن نے کیمروں کی آنکھ سے بچتے ہوئے کسی پیشگی اطلاع کے بغیر اس بلند سیاحتی مقام کو سر کرنے کی کوشش کی۔ اس کارروائی میں انہوں نے مطلوبہ حفاظتی تدابیر بھی اختیار نہیں کیں۔
تازہ ترین