• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ، نماز جمعہ سے قبل مسجد میں دھماکا، 3 شہید، 28 زخمی

کوئٹہ (نمائندہ جنگ)کوئٹہ کے علاقے پشتون آباد میں واقع رحمانیہ مسجد میں دھماکے سے خطیب سمیت 3نمازی شہیدجبکہ مولوی عبدالرحمن اور چاربچوں سمیت28 نمازی زخمی ہوگئے ہیں ، کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے‘دھماکےکے بعد بھگدڑ مچ گئی‘ مسجد کے شیشے ٗ کھڑکیاں اور چھت کو شدید نقصان پہنچا‘ تین کلو دھماکہ خیر مواد منبر کے نیچے رکھا گیاتھاجسے ٹائم ڈیوائس کے ذریعے اڑایا گیا‘اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر کے ڈاکٹرز اور عملے کو طلب کر لیا گیا ۔ پولیس کے مطابق پشتون آباد میں واقعہ رحمانیہ مسجد میں جمعہ کی نماز کیلئے نمازی مسجد میں بیٹھے ہوئے تھے ‘ایک بجکر 10منٹ پر مولوی عبدالرحمن اپنے نواسے مولوی عطاالرحمن کے ہمراہ مسجد پہنچے اور اپنے نواسے کو اپنی جگہ منبر پر خطبہ کیلئے بٹھایا۔خطیب مولوی عطاالرحمن نے منبر پر بیٹھ کر جسے ہی تلاوت شروع کی تو منبر میں ایک زور دار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں خطیب مولوی عطاالرحمٰن اور دو نمازی شاہ زیب اور سلطان محمد موقع پر ہی شہید ہو گئے ۔جبکہ مولوی عبدالرحمٰن سمیت 28افراد زخمی ہو گئے ۔دھماکے کے بعدزخمی مدد کیلئے پکارتے رہے ۔

تازہ ترین