• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت اطلاعات عالمی ذرائع ابلاغ سے متعلق مکمل طورپر غیرفعال ہوچکا ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد( نامہ نگار خصوصی )وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ قمری کیلنڈر کے مطابق پاکستان میں 4 جون کو چاند نظر آجائیگا جبکہ عید 5 جون کو ہو گی، اس مرتبہ کسی تنازع کا کوئی جواز نہیں ہوگلا، پاکستان کے عالمی سطح پر منفی تاثر کی ذمہ دار وزارتِ اطلاعات ہے۔ جمعہ کو غیر ملکی نشریاتی ادارے سے گفتگو کے دوران ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی ذرائع ابلاغ سے متعلق وزارتِ اطلاعات کا شعبہ ʼایکسٹرنل پبلسٹی ونگ مکمل طور پر غیر فعال ہو چکا ہے جسکی بڑی وجہ غیر ملکی صحافیوں سے رابطے نہ ہونا ہے۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ غیر ملکی صحافیوں کو پاکستان میں ویزہ مسائل کا سامنا ہے اور ایجنسیاں انکے پیچھے پڑ جاتی ہیں۔ ان کے بقول ایسے میں کیا کوئی توقع رکھ سکتا ہے کہ یہ ادارے پاکستان کا مثبت تشخص اُجاگر کرینگے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ وزارت اطلاعات کا بجٹ ضائع ہو رہا ہے۔ وزارتِ اطلاعات میں ہنگامی طور پر انتظامی اصلاحات کی اشد ضرورت ہے۔جب وہ وزیرِ اطلاعات تھے تو صحافی برادری نہیں، بلکہ میڈیا مالکان ان سے ناراض تھے، حکومت اور میڈیا کیلئے ایک دوسرے کو خوش رکھنا ضروری نہیں، بلکہ میڈیا کو حکومت کے ʼواچ ڈاگ کے طور پر کام کرنا چاہیے۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ حزبِ اختلاف کے پاس کوئی ایسا بیانیہ نہیں جسے عوام کی پذیرائی حاصل ہو۔ لہٰذا حکومت کو سیاسی محاذ پر کوئی خطرہ درپیش نہیں ،فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ سائنسی ترقی کے اس دور میں علمائے کرام کو چاند دیکھنے کے معاملے پر اتنی تگ و دو کرنے کی ضرورت نہیں ، قمری کیلنڈر تیار کر لیا ہے، اسلامی نظریاتی کونسل سے مشاورت کے بعد کیلنڈر کو کابینہ میں منظوری کے لیے پیش کیا جائیگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ تاثر درست نہیں ہے کہ سائنس و ٹیکنالوجی کی وزارت کھڈے لائن لگائے جانے والے وزیر کو دی جاتی ہے ان کا کہنا تھا کہ چین، کوریا اور ملائیشیا جیسے ترقی یافتہ ملکوں میں وزیرِ سائنس و ٹیکنالوجی کی حیثیت ڈپٹی وزیرِ اعظم جیسی ہوتی ہے، اگر ملک نے ترقی کرنی ہے تو سائنس و ٹیکنالوجی کو اہمیت دینا ہو گی۔

تازہ ترین