• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کے مختلف ملکوں میں ماحولیات کی بحالی کیلئے لاکھوں طلبہ کا مظاہرہ

کراچی (نیوز ڈیسک) برطانیہ کے دارالحکومت لندن میں تحفظِ ماحول کی تحریک کے تحت جاری ماحولیاتی آلودگی کیخلاف مظاہرے بدستور جاری ہیں۔ اب تک مظاہرے میں لاکھوں افراد شرکت کر چکے ہیں۔ مظاہرین حکومت سے ماحول دوست پالیسیاں اختیار کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ جمعرات کو مظاہرے میں طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ دنیا کے مختلف ملکوں سے طلبا اپنی کلاسز میں حاضر رہنے کی بجائے مظاہرے میں شرکت کیلئے آ رہے ہیں۔ منتظمین نے امید ظاہر کی ہے کہ 110؍ ممالک سے مظاہرے میں شرکت کیلئے 10؍ لاکھ افراد شرکت کریں گے۔ مظاہرین نے سیاست دانوں اور کاروباری اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی حدت (گلوبل وارمنگ) کو کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں اور 2015ء میں پیرس کے ماحولیات کے حوالے سے ہونے والے معاہدے پر عمل کیا جائے اور زمین کے درجہ حرارت کو ڈیڑھ ڈگری سینٹی گریڈ تک کم کیا جائے۔ مظاہرین سوئیڈن سے تعلق رکھنے والی اسکول کی طالبہ گریٹا تھینبرگ سے متاثر ہیں جنہوں نے 2018ء میں ماحولیات کے تحفظ کیلئے سوئیڈش پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا تھا اور اس وقت سے لے کر اب تک وہ اسی تحریک میں شامل ہیں۔ وہ اس وقت تک اسکول سے غیر حاضر رہیں اور مظاہرہ کیا جب تک سوئیڈش سیاست دانوں نے ان کے مطالبے کے تحت اقدام نہ کیا۔
تازہ ترین