• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، گرمی کی لہر درمیانے درجے کی ہوسکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری ہوائیں معطل ہونے کا خدشہ ٹل گیا ہے، شہر پر ہائی پریشر ایریا موجود نہیں۔

سردار سرفراز کے مطابق شہر قائد میں آج اور کل زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40 ڈگری تک جا سکتا ہے، دن کے اوقات میں سمندری ہوائیں چلتی رہیں گی۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت کراچی کا درجہ حرارت 32 ڈگری سینٹی گریڈ ہے، مغربی علاقوں سے ہوائیں 16 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے۔

ادھر گوجرانوالہ، گجرات، قصور، چنیوٹ، حافظ آباد، فیصل آباد، شیخوپورہ، سرگودھا، استور، لوئر دیر اور کوٹلی آزاد کشمیر میں بھی بارش ہوئی، مختلف حادثات میں 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔

لاہور، شیخوپورہ، قصور اور ننکانہ صاحب میں صبح سے کالی گھٹائیں چھائی رہیں، گزشتہ شام کے وقت گرج چمک کے ساتھ خوش گوار ہوائیں چلنے لگیں اور موسم سہانا ہو گیا۔

شیخو پورہ کے قریب قوس و قزح کے رنگ الگ ہی بہار دکھاتے رہے، رات کے وقت کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش سے شہریوں کے چہرے کھِل اُٹھے۔

بعض مقامات پر آندھی سے درخت جڑوں سے اُکھڑ گئے، فیروز پور روڈ پر بجلی کے تاروں پر آسمانی بجلی گری جس سے ملحقہ علاقوں میں بجلی کی سپلائی معطل ہو گئی۔

لیسکو ریجن میں مجموعی طور پر 190 فیڈرز متاثر ہوئے، جس سے کئی علاقے اندھیرے میں ڈوب گئے۔

لاہور اور گرد و نواح میں تیز ہوا کے ساتھ بارش ہوئی جس سے کئی علاقوں میں بجلی غائب رہی۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک کے اکثر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

ملک بھرمیں 24 گھنٹے کے دوران گرم ترین مقام تربت رہا جہاں درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، چھور اور شہید بینظیر آباد میں 42، جیکب آباد، سکھر، روہڑی، میر پور خاص اور مٹھی میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختون خوا، پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں، جبکہ کوئٹہ، سبی، مکران، حیدر آباد، سکھر، شہید بے نظیر آباد اور لاڑکانہ ڈویژن میں چند مقامات پر آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

تازہ ترین