• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایّان خان

پیارے بچو!ہماری دنیا میں ایسی چیزوں کی کمی نہیں جو اپنے جسامت کے لحاظ سے سب سے بڑی کہلائی جاتی ہیں، جن کو دیکھ کر عقل حیران رہ جاتی ہے،ان ہی میں سے چند کے بارے میں ہم آپ کو بتا رہے ہیں،جنہیں پڑھ کر اور اُن کی تصاویر دیکھ کر آپ بھی یقیناََ حیران ہوجائیں گے۔

سیکیویا ٹریز

سیکیویا دنیا کے سب سے بڑے درخت ہیں ۔ اوسطاً ان درختوں کی لمبائی 160 سے 275 فٹ تک ہے اور ان کی چوڑائی 20 سے 26 فٹ ہوتی ہے۔

ان درختوں میں ایک ساڑھے تین ہزار سال پرانا درخت بھی موجود ہے اور یہاں کے درختوں کی عمر کا تعین ان کی چھال پر بنے دائروں سے ہوتا ہے۔

سلار ڈی یونی سالٹ

چار ہزار اسکوائر میل سے زائد علاقے پر پھیلا سلار ڈی یونی سالٹ دنیا میں نمک کا سب سے بڑا میدان ہے۔ بولیویا کے اس مقام پر پہنچ کرانسان کو لگتا ہے کہ زمین اور آسمان ایک دوسرے سے مل رہے ہیں اور یہ نظارہ حواس پر جادو سا کردیتا ہے۔ بادلوں و آسمان کو اپنے سر کے اوپر دیکھنے کے ساتھ ساتھ پیروں کے نیچے دیکھنا زندگی کا سب سے حیرت انگیز تجربہ ثابت ہوتا ہے اور دنیا صحیح معنوں میں الٹ پلٹ نظر آتی ہے۔

گرین لینڈ

دنیا کا سب سے بڑا جزیرہ گرین لینڈ کہلاتا ہے اور یہ دنیا میں سب سے کم آبادی رکھنے والا ملک بھی قرار دیا جاتا ہے۔ 

اس جزیرے یا ملک کا بڑا حصہ برف سے ڈھکا رہتا ہے اور اس کو گرین لینڈ کا نام یہاں آنے والے اولین اسکینڈے نیوین رہائشیوں نے دیا تھا۔

سون ڈونگ غاریں

ویت نام میں واقع یہ غاریں 1991 میں ایک مقامی شخص نے دریافت کی تھیں اور یہ دنیا کا سب سے بڑا غاروں کا سلسلہ قرار دیا جاتا ہے،جس کے اندر ایک بڑا دریا بہتا ہے،۔ اس کی گہرائی 490 فٹ اور لمبائی 30 ہزار فٹ ہے ۔ اس کے اندر ہوائیں بھرپور رفتار سے چلتی ہیں اور ایسا لگتا ہے کہ جیسے ہر وقت آندھی سی آئی ہوئی ہے، تاہم اس کی خوبصورتی دیکھنے والوں کو ضرور دنگ کر دیتی ہے۔

ڈائناسور

ارجنٹائن میں قدیم حیوانات کی باقیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ حال میں دریافت ہونے والے ڈائناسور کی باقیات سے پتا چلتا ہے کہ یہ دنیا پر اب تک پائی جانے والی سب سے بڑی مخلوق تھی۔سائنس دانوں نے یہ بات اس جاندار کی ہڈیوں کی بنیاد پر کہی ہے۔ سائنسدانوں نے بتایا کہ اس کی لمبائی 40 میٹر اور اونچائی 20 میٹر رہی ہوگی۔

اس ہڈی کا وزن 77 ٹن ہے جو کہ 14 افریقی ہاتھیوں کے وزن کے برابر ہے اور یہ اس سے پہلے دریافت کیے جانے والے ارجنٹائینی سورز کے ریکارڈ وزن سے بھی سات ٹن زیادہ ہے۔یہ اس زمین پر اب تک پایا جانے والا سب سے بڑا جاندار ہے۔‘

تازہ ترین