رہنما پیپلز پارٹی مولابخش چانڈیو نے کہا ہے کہ وزیراعظم کو خودنمائی اور شخصی انا سے باہر نکل کر ملک کو بحران سے نکالنے کے اقدامات کرنے چاہئے، بدترین طرز حکمرانی اور بھوک و افلاس کی وجہ سے لوگ سڑکوں پر آجائیں گے۔
مرکزی ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے وزیر اعظم عمران خان کے طرز حکمرانی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ خان صاحب خدا کے واسطے آپ اس ملک کو آگے چلنے دیں،اپنی خواہشوں کی خاطر ملکی سلامتی خطرے میں نہ ڈالیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم جس طرح آنکھیں بند کر کے چل رہے ہیں آہستہ آہستہ حالات ہاتھ سے نکل رہے ہیں، وزیراعظم اپنی آنا اور شخصی تسکین کی خاطر قومی اداروں کا تقدس پامال کر رہے ہیں۔
مولابخش چانڈیو نے کہا کہ حکومتی اقدامات سے عوام کی طرف سے ریاست پر تنقید کے راستے کھل جائیں گے، زبانی کلامی باتیں نہیں چلیں گی عملی اقدامات ہونے چاہئیں۔ عمران خان کا انداز حکمرانی ناقابل فہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایک طرف کہتے ہیں کہ وفاق کے پاس پیسے نہیں دوسری طرف صوبوں سے ادارے چھین رہے ہیں، وفاقی حکومت در در جا کر بھیک مانگ رہی ہے، غیرملکوں سے مانگ رہے ہیں،جس چیز کو باعث خودکشی سمجھتے تھے آج اس پر آپ فخر کرتے ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ خان صاحب اگر آپ کے پاس پیسے نہیں ہیں تو سندھ سے ہسپتال کیوں چھین رہےہیں،سندھ جن اسپتالوں پر اربوں روپے خرچ کر رہا ہے وہ کنگال وفاق کیسے چلائے گا ؟سندھ کے بہترین اسپتالوں کو وفاق کی تحویل میں لینے کے پیچھے کیا مقاصد ہیں۔
مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ این آئی سی وی ڈی، جناح ہسپتال اور این آئی ایچ سی کو کامیابی سے چلا رہی ہے ،این آئی سی وی ڈی میں تو پورے ملک کے لوگوں کا مفت میں علاج ہوتا ہے ، بلاول بھٹو زرداری صاحب نے ذاتی دلچسپی لے کر بہترین ادارے بنائے ،وفاق کی تحویل میں جا کر یہ اسپتال تباہ ہو جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کنگال وفاق یہ اسپتال نہیں چلا پائے گا لاکھوں لوگ مفت علاج سے محروم ہو جائیں گے،خان صاحب آپ نے اقتدار میں آتے ہی صوبوں کے خلاف پالیسوں پر عمل پیرا ہوئے، آپ نے پہلے صوبوں کے مالی حقوق غصب کئے، اب آپ نے صوبوں کی ترقیاتی اسکیموں کو بجٹ سے نکال دیا ہے،کس طرح آپ ملک کو بحران سے نکالیں گے۔