وفاقی وزیر ریلوےشیخ رشید کا کہنا ہے کہ آڈیو ویڈیو چھوڑیں، ان کی چیخيں سنیں ، یہ لوگ چیئرمین نیب کے استعفے کا مطالبہ ہی اس لیے کر رہے ہیں کہ نئے چیئرمین پر حکومت اپوزیشن کا اتفاق ہوگا ہی نہیں ، ریفرنس دائر نہیں ہوسکيں گے اور ان کے مزے لگے رہیں گے۔
ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے توپوں کا رخ ن لیگ کی طرف کردیا ور کہا کہ شہباز شریف این آر او کے ذریعے بھاگے ہیں اور شاہد خاقان سب سے زیادہ شور مچا رہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ اندر سے نواز اور آصف زرداری ملے ہوئے ہیں ، آصف زرداری سوچتے ہیں کہ شہباز جاسکتے ہیں تو وہ کیوں نہیں جاسکتے۔
شیخ رشید نے ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں 3 خصوصی ٹرینیں چلانے کا اعلان کیا، انہوں نے بتایا کہ عید کے روز ٹرینوں میں مسافروں کے لیے 50 فیصد کم کرایہ ہوگا۔
ریلوے میں ملازمین کی بھرتیوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے میں بھرتیوں کیلیے 10 سے 12 لاکھ درخواستیں موصول ہوئی ہیں، بھرتیاں قرعہ اندازی کے ذریعے کی جائیں گی۔
کراچی میں سرکلر ریلوے کی زمین واگزار کرانے کے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد سے متعلق پوچھے گئے سوال پر شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عید کے 15 دن تک کراچی میں ریلوے کی زمین واگزار کروانے کا اپنا ٹاسک مکمل کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ سرکلر ریلوے سے متعلق سندھ حکومت مجھے بلا وجہ نشانہ بنا رہی ہے، ہم نے ریلوے ٹریک کے دونوں طرف کی مقررہ جگہ خالی کروا کر دینی ہے۔