وزیراعظم عمران خان بغیر پروٹوکول سرگودھا اور خوشاب کے سرکاری اسپتالوں کے اچانک دورے پر پہنچ گئے ، ایک بستر پر چار چار بچوں کو دیکھ کر برہم ہوئے ، اسپتال میں مریضوں کو دی جانیوالی سہولتوں پر بریفنگ لی۔
ذرائع کے مطابق عمراں خان نے سرگودھا میں ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ٹیچنگ اسپتال کا اچانک دورہ کیا ،اس موقع پر اسپتال میں موجود لوگوں نے وزیر اعظم عمران خان کی اسپتال آمد پر خیر مقدمی نعرے لگائے۔
وزیراعظم نے اسپتال کی مرکزی ایمرجنسی کے علاوہ بچوں کی ایمرجنسی کا بھی دورہ کیا ،مریضو ں کے لواحقین نے وزیراعظم سے شکوہ کیا کہ اسپتال میں ڈاکٹر موجود نہیں ہیں۔
عمراں خان اسپتال کے اندر ایک بستر پر چار چار بچوں کو دیکھ کر سخت برہم ہو ئے ، انہوں نے اسپتال انتظامیہ کو علاج کی بہترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ہدایات بھی دیں۔
وزیر اعظم عمران خان 20 منٹ تک ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال میں موجود رہے ، ان کے اچانک دورے سے کمشنر، ڈی سی اور آر پی او لا علم رہے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم نے عوام کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی براہ راست نگرانی کا سلسلہ سرگودھا سے شروع کردیا ہے، وہ اس سلسلے میں مختلف شہروں میں جاکر عوام سے ملیں گے اور سہولتوں کا جائزہ لیں گے۔