• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب ایماندارانسان ،کلیئر ہونے تک اخلاقاًاستعفٰی دیں،تجزیہ کار

کراچی(جنگ نیوز)سینئر تجزیہ کار مظہر عباس، ارشاد بھٹی، محمل سرفراز، حفیظ اللہ نیازی اور بینظیر شاہ نے جیو کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں میزبان ابصاء کومل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ چیئرمین نیب ایماندار، دیانتدار اور دبنگ آدمی ہیں، چیئرمین نیب کو الزامات سے کلیئر ہونے تک اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہئے۔ ارشاد بھٹی نے کہا کہ چیئرمین نیب ایماندار، دیانتدار اور دبنگ آدمی ہے،ان کے چلے جانے سے انتشار اور احتساب کے عمل کو نقصان پہنچے گا،متنازع خاتون اور اس کے شوہر کے پیچھے کون ہے، کہیں اس کے پیچھے ، اپوزیشن، وزراء اور بیوروکریٹس تو نہیں ہیں۔محمل سرفراز کا کہنا تھا کہ چیئرمین نیب کیخلاف ضروری نہیں کوئی سازش ہورہی ہو، چیئرمین نیب جب اُس خاتون کے ساتھ اختیارات کا غلط استعمال کر رہے تھے تو ممکن ہے اس نے خود یہ اقدام اٹھایا ہو، یہ ضرور ہوسکتا ہے کہ کسی کو ان شواہد کا پتا چلا ہو تو چیئرمین نیب پردباؤ بڑھانے کیلئے انہیں استعمال کیا گیا ہے۔مظہر عباس نے کہا کہ چیئرمین نیب کو الزامات سے کلیئر ہونے تک اخلاقی طور پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوجانا چاہئے،چیئرمین نیب نے انٹرویو میں جو بات چیت کی وہ بنیادی اخلاقیات کی خلاف ورزی ہے،جب چیئرمین نیب کیسوں پر اس طرح گفتگو کریں گے تو وہ کیسز متنازع تو بنیں گے۔ حفیظ اللہ نیازی نے کہا کہ چیئرمین نیب جاوید چوہدری کے ذریعہ ملفوف طریقہ سے پیغام دینا چاہتے تھے۔بینظیر شاہ نے کہا کہ چیئرمین نیب کی آڈیو اور ویڈیو سے زیادہ بڑا ایشو ان کا انٹرویو ہے، اس انٹرویو کے بعد سے چیئرمین نیب کی جانبداری پر بہت سے سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔
تازہ ترین