• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احساس رمضان میں ایک اور بے سہارا و بے آسرا خاندان کی مدد

کراچی (محمد ناصر) رمضان المبارک وہ پاکیزہ مہینہ ہے جہاں ہر فرد ایک دوسرے پر نیکیوں میں سبقت لے جانا چاہتا ہے۔ ”جیو ٹی وی“ کی براہ راست نشریات ”اتحاد رمضان“ میں 19 ویں روز بھی غمگین خاندان میں خوشیاں بانٹ کر چھوٹی سی نیکی کرنے کی کوشش کی گئی اور عوام کو بھی اس کام میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کا درس دیا گیا ۔ نشریات کا آغاز حسب معمول تلاوت کلام پاک سے ہوا۔ ”دین و دُنیا میں توازن “ کے موضوع پر علامہ کوکب نورانی اوکاڑی اور مفتی عمران الحق کلیانوی نے خصوصی گفتگو کی۔ علامہ کوکب نورانی اوکاڑی نے اعتکاف کے مسائل بھی بتائے۔ اعتکاف کے فضائل بیان کرتے ہوئے معروف عالم دین علامہ کوکب نورانی اوکاڑی کا کہنا تھا کہ معتکف کو دو حج اور دو عمروں کا ثواب ملتا ہے لیکن اعتکاف کرنے والوں کو اعتکاف میں عبادت کرنی چاہئے اپنا وقت فون کے ساتھ نہیں گزارنا چاہئے۔ لانڈھی کراچی کا رہائشی 38 سالہ برکت علی سیگمنٹ ”جذبہ خدمت“ کا مہمان بنا۔ برکت علی پیشے کے اعتبار سے الیکٹریشن ہے اور اپنے گھر کا واحد کفیل بھی لیکن گذشتہ پانچ برس سے یہ خود اپنے گھر والوں کا محتاج بن کر رہ گیا ہے۔ پانچ سال قبل بجلی کے کام کے دوران برکت علی 14 فٹ کی اونچائی سے گرا جس کے سبب کی کمر کے دو مہرے ٹوٹ گئے۔ گھر کا سامان اور زیورات فروخت کرکے جو علاج ہوا اس کے بعد معلوم ہوا کہ برکت علی کو ہڈیوں کی ٹی بی ہے۔ مہروں کا آپریشن بھی پیسے نہ ہونے کی وجہ سے رُک گیا ہے۔ ڈاکٹرز نے اس کے علاج پر 6 لاکھ روپے کا خرچ بتایا ہے۔ برکت علی تو اب بستر پر ہے لیکن اس کے بعد اس کے گھر والوں کا بھی کوئی سہارا نہیں۔ برکت علی کی معذوری کے بعد سے اِس کی پوری فیملی اس قدر شدید مشکلات کا شکار ہے کہ کبھی کبھی گھر میں 2-2 دِن کھانے کو نہیں ہوتا۔ میزبان رابعہ انعم نے مخیر حضرات سے اور ٹرانسمیشن کی مہمان اداکارہ عائشہ عمر نے اپنے پرستاروں سے برکت علی کے علاج اور گھریلو اخراجات کیلئے تعاون کی اپیل کی۔ جیو کے ٹیم ممبر نے نام نہ بتانے کی شرط پر 50 ہزار روپے دینے کا اعلان کیا۔ شاہ توصیف نے ٹیلیفون پر 25 ہزار اور راولپنڈی سے طالب علم علی نے تمام اسٹوڈنٹس کی جانب سے 15 ہزار روپے کا عطیہ دیا۔ سعودی عرب سے ایک شخص نے تین لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ رابعہ انعم نے گھر چلانے کیلئے برکت علی کی بیوی کو سلائی مشین خریدنے کیلئے 8 ہزار روپے نقد دیئے۔احساس رمضان کی جانب سے اس خاندان کو تحائف بھی دیئے گئے۔ سیگمنٹ کے اختتام تک اس خاندان کیلئے تقریباً ساڑھے چار لاکھ روپے جمع ہوئے تھے۔ برکت علی نے مدد کرنے والے تمام لوگوں کو دُعائیں دیں۔ دُنیا کی تیسری سب سے بڑی اسلامی ایپ ”اسلام 360“ کے بانی زاہد حسین چھیپا بھی ٹرانسمیشن میں موجود تھے۔ اُنہوں نے اپنی ایپ میں لائی گئی جدت کے حوالے سے بتا کر ناظرین و حاضرین کو حیرت میں مبتلا کردیا۔ ”ننھی سی خواہش“ میں خون کے سرطان میں مبتلا پانچ سالہ احمر عمر مہمان تھے۔ ننھے احمر کا کہنا تھا کہ مجھے کھیل کود میں بہت مزہ آتا ہے، جب اسپتال میں کیمو ہوتی ہے تو بہت درد ہوتا ہے لیکن جب درد ہوتا ہے تو ماں اور بابا بہت پیار کرتے ہیں۔ احمر نے ٹیب اور کھلونوں سے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ یہاں بچے کے والد کا کہنا تھا کہ احمر کی ہر ہفتے 3 سے چار مرتبہ کیمو ہوتی ہے، بچے کو تکلیف میں دیکھ کر ہمارے آنسو نکل آتے ہیں، میں اور اس کی والدہ ہمت ہار جاتے ہیں لیکن اس کی مسکراہٹ ہمیں مزید حوصلہ دیتی ہے۔ احساس رمضان میں احمر کی ننھی خواہشات کو پورا کیا گیا اور اُسے قیمتی تحائف بھی دیئے گئے۔ اس کے علاوہ علامہ کوکب نورانی اوکاڑوی نے بچے کی تندرستی اور تمام بیماروں کی شفا کیلئے خصوصی دُعا کی۔ روزہ کشائی میں محمد سدیس نے پہلا روزہ افطار کیا۔ شیف ناہید انصاری نے اسپیگٹی پاستہ بنایا جبکہ ”کھانا گھرانہ“ میں دو بہنوں کے درمیان روٹی کے ساتھ ہانڈی چکن بنانے کا مقابلہ ہوا۔ فاتح ٹیم نے موٹر بائیک جیتی۔ ”مکافات“ میں ”قرض“ کے موضوع پر دِل چھو لینے والی کہانی دکھائی گئی۔ ایک شخص پر چوری کا الزام لگتا ہے، سب اُسے چھوڑ کر چلے جاتے ہیں لیکن وہ اللہ پر توکل کرتا ہے اور صبر سے کام لیتا ہے جس کے نتیجے میں اُسے اچھی ملازمت مل جاتی ہے اور اس پر چوری کا الزام لگانے والے آپس میں لڑکر ایک دوسرے کو قتل کرکے انجام کو پہنچ جاتے ہیں۔ فلم اور ٹی وی کی معروف اداکارہ عائشہ عمر نے پروگرام کی میزبان رابعہ انعم سے زندگی میں آنے والے اُتار چڑھاؤ پر گفتگو کی۔ عائشہ عمر سیگمنٹ ”بچے من کے سچے“ میں بھی ننھے بچوں کے ساتھ گھل مل گئیں اور اُن سے چٹ پٹی گفتگو کی۔ کوئز شو ”رب زدنی علمائ“ کا کوارٹر فائنل راؤنڈ شروع ہوا تو تینوں ٹیموں کے درمیان کڑا مقابلہ ہوا۔ بزر راؤنڈ میں 40 پوائنٹ لیکر ٹیم ”علامہ اقبال“ پہلا کوارٹر فائنل جیت کر اگلے مرحلے میں پہنچی۔ ثنا خوانی کا ایلی منیشن راؤنڈ فصیح الدین سہروردی اور فرحان علی وارث کی زیر سرپرستی ہوا۔ مقابلے میں جگہ پکی کرنے کیلئے ججز نے بچوں کو اُنہیں اپنی پسند کا کلام پڑھنے کا موقع دیا۔ ”واہ واہ سبحان اللہ“ میں محمد معارج، عبداللہ شیخ، بہزاد حسین اور حنین قاسمی کے درمیان مقابلہ ہوا۔ اس سیگمنٹ میں ججز کے فیصلے کے بعد ننھے نعت خواں ”عبداللہ شیخ“ کم اسٹار لیکر آنکھوں میں آنسو لئے رخصت ہوئے تو اِنہیں بائیک دیکر الوداع کہا گیا۔ سحر نشریات میں ایک جانب الحاج عمران شیخ عطاری نے گلہائے عقیدت نچھاور کئے تو دوسری جانب علامہ کوکب نورانی کی دینی گفتگو سے بھی ایمان تازہ ہوا۔ شیف سمیرا نے چکن پٹیٹو کروککس بنا کر بھوک بڑھائی۔ مولانا طارق شازلی نے ناظرین کی جانب سے بذریعہ ٹیلیفون پوچھے گئے وظائف بتائے اور ذہانت کا مقابلہ جیت کر ٹیم ”فاطمہ جناح“ نے اگلے مرحلے میں جگہ بنالی۔

تازہ ترین