• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چیئرمین نیب کے مسئلے پر ن لیگ میں مختلف آراء

لاہور(نیوز ایجنسیاں )چیئرمین نیب کے معاملے پر (ن) لیگ میں مختلف رائے سامنے آگئیں، مسلم لیگ ن پنجاب حکومت کے سابق ترجمان ملک احمد نے چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کیا ہے جبکہ لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے ملک احمد کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پارٹی کا موقف نہیں ہے، دوسری جانب پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ چیئرمین نیب کا معاملے پر فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنائی جائے یا سپریم جوڈیشل کونسل میں لے جائیں۔تفصیلات کے مطابق لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق ترجمان پنجاب حکومت اور ن لیگ رہنما ملک احمد خان نے کہا کہ شہباز شریف کی ذات پر بغیر ثبوت الزامات لگائے گئے، بے بنیاد، من گھڑت الزامات پر شہباز شریف کو گرفتار کیا گیا، چیئرمین نیب کیخلاف کیس فائل کرینگے، نیب کے نوٹسز نے لوگوں کو خودکشی کرنے پر مجبور کیا، کیا نیب ماورائے قانون ادارہ ہے ؟۔ملک احمد خان کا کہنا تھا کیا نیب والے یہ سمجھتے ہیں ان کو کوئی پوچھنے والا نہیں ؟ چیئرمین نیب نے ملکی نظام کا تماشا لگا دیا ہے، یقین ہے چیئرمین نیب ملکی مفاد میں استعفیٰ دینگے۔دوسری جانب ن لیگ کی مرکزی ترجمان اور سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب نے صوبائی سیکرٹری اطلاعات ملک احمد خان کے بیان سے لاتعلقی کا اظہار کر دیا اور کہا چیئرمین نیب سے استعفیٰ کے مطالبے اور ان کیخلاف اندراج مقدمہ کا بیان ملک احمد خان ذاتی رائے ہے پارٹی موقف نہیں۔ مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ پارٹی صدر میاں شہباز شریف اور سینئر نائب صدر شاہد خاقان اس بارے میں واضح موقف دے چکے ہیں، چیئرمین نیب کے واقعہ سے متعلق پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو سارے معاملے کی تحقیق کرے۔بعد ازاں مریم اورنگزیب کی جانب سے موقف مسترد کیے جانے پر ملک محمد احمد خان نے نجی ٹی وی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین نیب کے استعفے اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ میری ذاتی رائے تھی۔

تازہ ترین