• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسائل کا حل عادلانہ اور غیر متنازع نظام حکومت میں مضمر ہے‘ ساجد نقوی

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ) قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ امیر المومنین حضرت علیؓ ابن ابی طالب کی سیرت اقدس ہی ایک راستہ ہے جس پر عمل کرکے ہم پورے عالم اسلام کے مسائل حل کر سکتے ہیں۔ کردار حضرت علیؓ کی طرح اپنے نفس کی تطہیر اور تزکیہ کر کے نظام کی خرابیوں کو درست کر کے ظلم، ناانصافی، بے عدلی، دہشت گردی‘ انتہا پسندی اور دیگر چیلنجز کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ حضرت علیؓ کے یوم ضربت پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ حضرت علیؓ نے تطہیر نفس کیلئے تقویٰ، شب بیداری، عبادت، حسن سلوک، عاجزی، انکساری اور تواضع جیسی صفات اختیار کیں جبکہ تطہیر نظام و معاشرہ کیلئے عدل، انصاف، اعتدال، توازن، حقوق کا حصول اور اسلامی نظام حیات کے نفاذ کیلئے بھرپور عملی اقدامات اٹھائے۔ یہی وجہ ہے کہ آپؓ کے اندر ذاتی اور اجتماعی رہنمائی کیلئے تمام خصوصیات اور شرائط موجود تھیں جس سے ایک عام انسان سے لیکر دنیا پر حکمرانی کرنے کے خواہشمند شخص کیلئے مکمل استفادے کا سامان موجود ہے۔ علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل بھی شفاف، منصفانہ، عادلانہ اور غیر متنازع نظام حکومت میں مضمر ہے ۔
تازہ ترین