• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سرکاری و نجی میڈیکل کالجز کے ڈاکٹرز سے این او سی طلب کرنے کا فیصلہ

ملتان (سٹاف رپورٹر)نشتر میڈیکل یونیورسٹی ملتان کی اکیڈمک کونسل کی ہنگامی میٹنگ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر مصطفی کمال پاشا کی صدارت میں ہوئی۔ نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے علاوہ دیگر سرکاری و نجی میڈیکل کالجز کے پوسٹ گریجوایٹ ڈاکٹرز سے این او سی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔این او سی کے تحت ان امیدواروں کا متعلقہ ادارہ ماہانہ مشاہرہ دینے کا پابند ہو گا۔ میٹنگ میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی کے علاوہ دیگر سرکاری و نجی میڈیکل کالجز سے پوسٹ گریجوایشن مکمل کرنے کے بعد نشتر ہسپتال میں ہاؤس جاب کرنے کے خواہشمند امیدواروں اور فارن گریجویٹس کو ہاؤس جاب دینے یا نہ دینے کا معاملہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں اور پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز،محکمہ صحت پنجاب کی طرف جاری ہدایات کی روشنی میں زیر بحث لایا گیا۔ وائس چانسلر نے واضح کیا کہ این او سی طلب کرنے کا مقصد یہ ہو گا کہ ان امیدواروں کا متعلقہ ادارہ ان کو ماہانہ مشاہرہ دینے کا پابند ہو گا۔اس حوالے سے گزشتہ روز ہی باقاعدہ ایم ایس نشتر ہسپتال کی جانب سے نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا جبکہ تمام ایسے پوسٹ گریجوایٹس ڈاکٹرز کو اپنے اداروں سے این او سی اور دیگر کاغذات پورے کر کے لانے کے لئے 15 روز کا وقت دیا گیا ہے جس کے بعد میرٹ لسٹ کا اجرا کیا جائے گا۔
تازہ ترین