• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’فواد چوہدری کا قمری کلینڈر، اگلے 5 سال کی عیدوں کااعلان ‘‘

وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری اگلے 5 سال کی عیدوں کااعلان کرتے ہوئے اپنا قمری کلینڈر لے کر میدان میں آگئے، چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کا افتتاح بھی کر دیا۔

چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مختلف محکموں نے مل کر چاند دیکھنے کی پہلی ویب سائٹ بنا دی ہے اور میری ذاتی رائے ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی اب ضرورت نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے علماء کی توجہ دلائی کہ چاند دیکھنے کے لیے پاپڑ بیلنے کی ضرورت نہیں، ٹیکنالوجی کی مدد سے آسانی سے پتہ لگایا جاسکتا ہے کہ چاند کب دکھے گا۔

فواد چوہدری نے بتایا کہ سائنسدانوں کی مدد سے چاند دیکھنے کی ایپلیکیشن تیار کرلی ہے جبکہ 5 سالہ کلینڈراسلامی نظریاتی کونسل کو بھیج دیا ہے ، وہ اب تک ہمارے کام سے مطمئن ہے اور اس کلینڈر کو منگل کو وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کر دیا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں برس عید الفطر بدھ 5 جون کو منائی جائے گی جبکہ اس کے ساتھ ساتھ انہوں نے اگلے 5 سال تک کے لیے عیدوں کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا۔

ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمان اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔

تازہ ترین