• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یتیم بچوں کی پرورش سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے، گورنر شاہ فرمان

پشاور ( نمائندہ جنگ )گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان نے کہاہے یتیم اوربے آسرا بچے ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہیں، یتیم بچوں کا ہم سب پر پورا حق ہے، یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم یتیم بچوں کواپنا بچہ سمجھیں اورانہیں معاشرے کا ایک باوقار شہری بنانے میں اپنا پورا حصہ ڈالیں، یہ بات انہوں نے گورنر ہاوس خیبرپختونخوامیں یتیم بچوں کے اعزازمیں منعقدہ ایک پروقار تقریب اور افطار پارٹی سے خطاب کے دوران کہی، تقریب میں پشاور کے مختلف ا داروں زمونگ کور، ایس اوایس ویلیج اوردارالاطفال میں زیرکفالت400 کے قریب یتیم بچوں نے شرکت کی اورگورنر شاہ فرمان نے ان یتیم بچوں کے ساتھ ملکر روزہ افطار کیا اوربچوں میں تحفے وتحائف بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر بچوں نے مختلف ٹیبلوز اورنعتیہ کلام پیش کیا۔ تقریب میں خواتین اراکین صوبائی اسمبلی عائشہ نعیم، آسیہ خٹک، مدیحہ نثار ودیگربھی شریک تھیں۔ تقریب سے خطاب کے دوران گورنر خیبرپختونخوا کا کہناتھا کہ یتیم بچے ہماری پوری توجہ کے حامل ہیں۔ ہمارا مذہب اسلام ہمیں یتیموں کے ساتھ شفقت، محبت کے ساتھ پیش آنے کا درس دیتاہے،آج خودکویتیم بچوں کے ساتھ پاکر دلی خوشی ہورہی ہے، انہوں نے اس خواہش اورعزم کا بھی اظہار کیا کہ یتیم بچوں کو ہرماہ گورنرہاوس میں سیرو تفریح کیلئے بلایا جائے گا۔
تازہ ترین