• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شمالی وزیرستان، PTM اور فوجی جوانوں میں جھڑپ، 5 اہلکارزخمی، جوابی کارروائی، 3 کارکن ہلاک، محسن داوڑ، علی وزیر کی قیادت میں چوکی پر حملہ کیاگیا، ISPR

شمالی وزیرستان (نیوز ایجنسیز) شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے جوانوں اور پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کے کارکنوں کے درمیان جھڑپ ہوگئی اور چیک پوسٹ پر فائرنگ سے 5؍ فوجی اہلکار زخمی ہوگئے جبکہ جوابی کارروائی میں پی ٹی ایم کے 3؍ کارکن ہلاک اور 10زخمی ہوئے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق رکن پارلیمنٹ محسن داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں چوکی پر حملہ کیا گیا ، پشتون تحفظ موومنٹ کے کا رکنان گرفتار دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو چھڑانا چاہتے تھے ، اس مقصد کے لئے بویا میں واقع خارکمر چیک پوسٹ پر فائرنگ کی گئی، فوجی دستوں نے تحمل کا مظاہرہ کیا ، علی وزیر سمیت 8؍ افراد کو گرفتار کرلیاگیا ہے جبکہ محسن داوڑ مجمع کو مشتعل کر کے موقع سے فرار ہوگیا۔ دوسری جانب فوجی ترجمان میجر جنرل آصف غفور کا سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہنا تھا کہ چند افراد مذموم مقاصد کیلئے پی ٹی ایم کے معصوم کارکنوں کو استعمال کر رہے ہیں، دہائیوں کی جدو جہد کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں ، بہادر قبائلیوںکی قربانیوں کو رائیگاں نہیںجانے دیا جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق محسن جاوید داوڑ اور علی وزیر کی قیادت میں ایک گروہ نے شمالی وزیرستان کے علاقے بویہ میں خارکمر چیک پوسٹ پر حملہ کیا۔آئی ایس پی آر کے مطابق گروہ کے حملے کا مقصد دہشت گردوں کے مشتبہ سہولت کاروں کو چھڑانے کے لیے دباؤ ڈالنا تھا۔آئی ایس پی آر کے مطابق مسلح گروہ کی جانب سے چیک پوسٹ پر براہ راست فائرنگ بھی کی گئی، فوجی دستوں نے اشتعال انگیزی کے سامنے تحمل کا مظاہرہ کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق گروہ کی فائرنگ سے 5؍ فوجی اہلکار زخمی ہوئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں 3؍ حملہ آور مارے گئے اور 10؍ زخمی ہوئے، تمام زخمیوں کو علاج کیلئے آرمی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق علی وزیر کو 8؍ ساتھیوں سمیت حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ محسن جاوید مجمع کو مشتعل کرنے کے بعد فرار ہوگیا۔ دوسری جانب ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے پیغام میں کہا کہ چند افراد مذموم مقاصد کے لئے پی ٹی ایم کے معصوم کارکنوں کو استعمال کر رہے ہیں، دہائیوں کی جدو جہد کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں ، بہادر قبائلیوںکی قربانیوں کو رائیگاں نہیںجانے دیا جائے گا۔ اتوار کے روز ٹویٹر پر جاری پیغام میں شمالی وزیر ستان واقعے سے متعلق میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ معصوم پی ٹی ایم کارکنان کا خیال رکھنے کی ضرورت ہے چند افراد مذموم مقاصد کے لئے پی ٹی ایم کارکنوں کو اکسا رہے ہیں اور پی ٹی ایم کا رکنوں کو استعمال کر رہے ہیں بہادر قبائلیوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ دہائیوں پر مشتمل جدو جہد کے ثمرات ضائع کرنے کی اجازت نہیں ہے۔

تازہ ترین