آپ آف لائن ہیں
جنگ ای پیپر
بدھ22؍ربیع الاوّل 1441ھ 20؍نومبر 2019ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

چینی نائب صدر کی عمران خان، اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں، کئی سمجھوتوں پر دستخط

اسلام آباد (نمائندہ جنگ‘مانیٹرنگ ڈیسک) چینی نائب صدر وانگ چی شان نے صدر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سمیت دیگر حکام سے ملاقاتیں کی ہیں، پاکستان اورچین نے کئی سمجھوتوں اور یادداشتوں پر دستخط کر دیئے‘ جن میں پاک چین معاشی معاہدہ، زرعی فریم ورک میں تعاون، قدرتی آفات کے دوران ریلیف، بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں یونیورسٹی کی ترقی کا معاہدہ شامل ہے۔ اس موقع پر پاکستان میں 4منصوبوں کا افتتاح بھی کیا گیا جس میں 660 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن پراجیکٹ میٹاری سے لاہور، رشکئی سپیشل اکنامک زون پراجیکٹ، ہواوے ٹیکنیکل سپورٹ سنٹر اور کنفیوسیوش انسٹی ٹیوٹ یونیورسٹی آف پنجاب شامل ہیں۔چینی نائب صدر اپنے تین روزہ دورہ پاکستان پر اتوار کو اسلام آباد پہنچے تونورخان ائیر بیس پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نےان کا پرتپاک خیرمقدم کیا ‘ اس موقع پر وفاقی وزیرخسرو بختیار بھی موجود تھے۔ نورخان ائیر بیس پہنچنے پر چینی نائب صدر کودوبچوں نے گلدستہ بھی پیش کیا‘بعد ازاں چینی نائب

صدر نے صد ر عارف علوی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ، صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور چین گہرے، تاریخی اور ثقافتی تعلقات میں جڑے ہوئے ہیں‘دونوں ممالک ایک دوسرے کی مختلف معاملات پر حمایت کرتے ہیں، صدر مملکت نے چینی صدر کے بیلٹ اینڈ روڈ کے اقدام کو سراہا۔ انہوں نے پاکستان کی قومی ترقی میں سی پیک کی اہمیت کوسراہا اور اس کے جلد مکمل ہونے پر زور دیا۔چینی نائب صدر نے چینی قیادت کا تہنیتی پیغام پہنچایا اور کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات اسی طرح مزید آگے بڑھتے رہیں گے اور مضبوط سے مضبوط تر ہوں گے۔بعد ازاں چین کے نائب صدر ایوان وزیراعظم پہنچے جہاں وزیراعظم نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان وفود کی سطح پر ملاقات ہوئی ،اعلامیے کے مطابق دونوں رہنماوں نے دو طرفہ تعلقات کے امور، علاقائی صورتحال سمیت جنوبی ایشیا میں حالیہ واقعات پر تبادلہ خیال کیا اور تمام شعبوں میں دو طرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔اعلامیے کے مطابق اسٹریٹیجک تعاون اور شراکت داری کو مزید وسعت دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ چین صدر شی جن کا روڈ اینڈ بیلٹ منصوبہ قابل تحسین ہے‘چین پاکستان اقتصادی راہداری کے لیے پرُعزم ہیں‘چینی نائب صدر نے ہمسایہ ملکوں سے تعاون اور امن کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابی قابل تحسین ہے۔ اعلامیے کے مطابق چینی نائب صدر اور وزیراعظم عمران خان نے مٹیاری تا لاہور 660 کے وی ٹرانسمیشن، رشکئی میں خصوصی اقتصادی زون، ہواوے ٹیکنیکل سپورٹ سینٹر اور پنجاب یونیورسٹی میں کنفیوشس انسٹیٹیوٹ کا افتتاح کیا۔چین کے نائب صدر گندھارا کا دورہ بھی کریں گے جہاں انہیں گندھارا کی قدیم تہذیب کے حوالے سے بریفنگ دی جائے گی۔ملاقات کے بعد پاکستان اور چین نے سی پیک کے تحت باہمی سرگرمیوں میں اضافے کے لئے مختلف منصوبوں پر تعاون کے5 دستاویزات پر دستخط کئے ، دونوں ممالک نے زرعی معاونت پر ایک فریم ورک معاہدے پر دستخط کئے۔ایف ایم ڈی فری زون جس میں چین کی جنرل ایڈمنسٹرین کسٹم اور اینیمل کوارنٹائن ڈیپارٹمنٹ برائے وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی و ریسرچ پاکستان کے درمیان ویکسینیشن کی ایک یادداشت پر دستخط کئے گئے۔ پاکستان چین اکانومک کارپوریشن ایگریمنٹ پر چین کے نائب وزیر ڈینگ بوکنگ اور پاکستان کے سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نور احمد نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے۔ چینی نائب وزیر ڈینگ بوکنگ اور سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے ایک باہمی تبادلہ کی یادداشت پر بھی دستخط کئے۔ دونوں دوست ممالک نے سی ایم ای سی اور حکومت بلوچستان اور لسبیلہ میں جدید زرعی جامع ڈیولپمنٹ لسبیلہ یونیورسٹی مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے۔

اہم خبریں سے مزید