• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرستان، ہر جان قیمتی، حقائق پارلیمنٹ میں آنے چاہئیں، اپوزیشن

اسلام آباد / پشاور (نمائندگان جنگ / نیوز ایجنسیز) شمالی وزیرستان جھڑپ کے حوالے سے اپوزیشن جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی ، جے یو آئی (ف) ، اے این پی اور پی ٹی ایم نے اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہر جان قیمتی ہے ، حقائق پارلیمنٹ میں آنے چاہئیں ، سیاسی لوگوں کیساتھ تشدد نہیں ہونا چاہئے ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو اپنے ایک بیان میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے واقعے پر اظہار افسو س کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام حقائق پارلیمان کے سامنے آنے چاہئیں ، واقعے پر سیاست قومی جرم ہوگا، تمام محبان وطن صورتحال کی نزاکت دیکھتے ہوئے اپنا کردا ر ادا کریں ، اپنے گھر میں لڑائی، فساد اور افراتفری کا دشمنوں کو فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اس نوعیت کے سانحات کا متحمل نہیں ہوسکتا، حالات کی نزاکت تدبر، سمجھداری اور قومی مفاد کی پاسداری کی متقاضی ہے۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداءکے درجات بلند فرمائے، لواحقین کو صبرجمیل دے، انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی بھی دعاکی ہے۔ دوسری جانب سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہر پاکستانی کی جان قیمتی اور اس کا خون مقدس ہے،خون بہے تو حقائق قوم کے سامنے آنے چاہیے ۔انہوں نے مزید کہا کہ محبت، امن اور مفاہمت ہتھیاروں سے کہیں زیادہ طاقتور ہیں، کیا ہم احتجاج کچلنے اور آوازیں دبانے کی بہت بھاری قیمت ادا نہیں کر چکے؟اللہ پاکستان پر رحم کرے ۔ ادھر پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بیان میں کہاہے کہ پرُامن اور سیاسی لوگوں کیساتھ بھی تشدد نہیں ہونا چاہئے، حقیقت معلوم کرونگا لیکن شروع سےکہتا ہوں آپ انکے نکتہ نظر سے اختلاف اور بحث کرسکتے ہیں، انکی غلط فہمیاں دور نہیں کرینگے تو سب نے دیکھا مشرف کے زمانے میں بلوچستان میں کیا ہوا، فاٹا جیسے علاقےمیں ترقی پسند سیاست پروان چڑھ رہی ہے اور اپنے ہی بچوں کو غدار کہیں گے تو معاملہ خطرناک راستے کی طرف جائے گا۔ دریں اثناء اپنے بیان میں جمعیت علما ء اسلام(ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہےہم شمالی وزیرستان واقعہ پر افسوس اور دکھ کا اظہار کرتے ہیں اور جو لوگ اس میں جاں بحق یا زخمی ہوئے ان کیساتھ ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری دنیا میں لوگوں کو احتجاج کا حق حاصل ہے،انہیں اس سے روکنا اشتعال اور شدت کو جنم دیتا ہے۔ علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی کے قائد اسفندیار ولی خان نے وزیرستان میں فائرنگ اور تشدد کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے گرفتار افراد کی رہائی و زخمیوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے اندر برداشت کا مادہ پیدا کرے اور ایسا ماحول پیدا کرنے سے گریز کرے جو ملک اور جمہوریت کیلئے خطرے کا باعث ہو، ریاست میں اپنے جائز حقوق کیلئے اٹھنے والی آوازحکمرانوں کو کھٹک رہی ہے اور بد حواسی کے عالم میں ایسے فیصلے کئے جارہے ہیں جس سے ملک توڑنے کی جانب بڑھا جا رہا ہے۔ادھر پشتون تحفظ موومنٹ کا کہنا ہےکہ گرفتار کارکنوں کی رہائی کے لئے دتہ خیل میں دھرنا دے رکھا تھا ، محسن داوڑ کی ریلی پر فائرنگ کی گئی ، رکن اسمبلی بال بال بچے، متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

تازہ ترین