• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام مایوس، ہماری پارٹی احتساب کا وعدہ پورا نہ لوٹا پیسہ واپس لاسکی، فواد چوہدری

لاہور، اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک، ایجنسیاں) وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عوام احتساب کے حوالے سے کچھ مایوس ہیں، لوگ سمجھتے ہیں کہ پی ٹی آئی نے احتساب سے متعلق جو وعدہ کیا تھا وہ پورا نہیں ہوا، ابھی تک لوٹی ہوئی دولت واپس نہیں لائی جا سکی۔ہم نے علماء کو باور کرانے کی کوشش کی ہے کہ اب چاند دیکھنے کیلئے پاپڑ بیلنے کی ضرورت نہیں اور ٹیکنالوجی کی مدد سے باآسانی چاند کو دیکھا جا سکتا ہے۔وہ چاند دیکھنے سے متعلق ویب سائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے، اس موقع پر انہوں نے ویب سائٹ کا افتتاح بھی کیا۔اپنے خطاب میں وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ مختلف محکموں نے ملکر چاند دیکھنے کی پہلی ویب سائٹ بنا دی ہے اور میری ذاتی رائے ہے کہ رویت ہلال کمیٹی کی ضرورت نہیں ہے۔5 سال کیلئے کیلنڈر ترتیب دے دیا ہے اور رواں برس عید الفطر 5 جون کو منائی جائے گی۔ اگلے سال تک کیلئے عیدوں کی تاریخ کا اعلان بھی کر دیا۔قمری کیلنڈر کو منگل 28 مئی کو وفاقی کابینہ کے روبرو پیش کیا جائے گا جو فیصلہ کرے گی کہ اسے اپنانا ہے یا پرانے نظام پر ہی چلنا ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ امریکی خلائی ادارہ ناسا اس مہم پر ہے کہ انسان اب طویل مدت کیلئے چاند پر رہ سکتا ہے۔ اس لئے علماء کو فکر نہیں کرنی چاہیے بلکہ ان کیلئے اور مسائل آئیں گے ۔انہیں فکر ہے کہ ان کا کردار ختم ہو جائے گا اور ان کی تنخواہ کا کیا بنے گا۔ فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ 5 سالہ قمری کیلنڈر اسلامی نظریاتی کونسل کو بھجوا دیا ہے اور اسلامی نظریاتی کونسل اب تک ہمارے کام سے مطمئن ہے۔ایک سوال کے جواب میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے مفتی منیب الرحمن اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو بھی دعوت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی کے میدان آگے بڑھنے سے روکنے کیلئے بہت سی سازشیں ہوئیں لیکن ہم 1500 اسکولوں کو اپ گریڈ کریں گے اور ان میں ریاضی اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو متعارف کرائیں گے۔چیئرمین نیب سے متعلق سوال پر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی مبینہ ویڈیو سے چیئرمین نیب اور احتساب کے عمل کو نقصان پہنچا۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شہباز شریف یا کسی دوسرے کے بیرون ملک جانے پر بھی لوگ ہم سے پوچھتے ہیں، لوگ ہمیں کہتے ہیں کہ یہ لوگ آپ کی حکومت میں باہر چلے گئے، ان لوگوں کا بیرون ملک چلے جانا بدقسمتی سے کم نہیں ہے۔دوسری جانب اسلامی نظریاتی کونسل کے رکن قاری عبدالرشید نے کہا ہے کہ وزرات سائنس وٹیکنالوجی کا بنایا گیا قمری کیلنڈر کونسل کو موصول ہو گیا ہے، اسلامی نظریاتی کونسل کا اجلاس جلد بلاکر قمری کیلنڈر پر غور کیا جائے گا، ملک بھر میں ایک دن عید منانے کیلئے نجی رویت ہلال کمیٹیاں ختم کرنا ہوں گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رکن اسلامی نظریاتی کونسل نے کہا کہ چاند کی رویت کیلئے چاند کو آنکھ سے دیکھنا ضروری ہے، قمری کیلنڈر میں چاند کی عمر تو بتائی جا سکتی ہے مگر رویت نہیں۔قاری عبدالرشید نے کہا کہ اسلامی نظریاتی کونسل کے اجلاس میں قمری کیلنڈر پر غور کیا جائیگا اور اس حوالے سے سفارشات مرتب کرکے حکومت کو ارسال کردی جائیں گی۔قاری عبدالرشید نے کہا کہ ملک بھر میں ایک دن عید منانے کیلئے نجی رویت ہلال کمیٹیاں کو ختم کرنا ہوں گی۔

تازہ ترین