• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’چینی نائب صدر کو دل کی گہرائیوں سے ’نی ہاؤ‘ کہتے ہیں‘‘

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ چین کے نائب صدر وانگ چی شان کو لاہور آمد پر دل کی گہرائیوں سے ’نی ہاؤ‘ کہتے ہیں۔


چین کے نائب صدر وانگ چی شان آج 2 روزہ دورے پر لاہور آئیں گے جہاں ان کا استقبال وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کریں گے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی نائب صدر کے لاہور کے دورے کے حوالے سے جاری کیے گئے اپنے بیان میں کہا ہے کہ چین کے نائب صدر وانگ چی شان کی آمد باعث فخر و انبساط ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین کے نائب صدر کا دورہ معاشی خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ثابت ہو گا، سی پیک کے پروجیکٹس کا افتتاح خوش آئند امر ہے۔

وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے یہ بھی کہا کہ نائب صدر وانگ چی شان چین کی طرف سے محبتوں کے سندیسے لائے ہیں۔

واضح رہے کہ چین کے نائب صدر اپنے دو روزہ دورے کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چوہدری سرور سے ملاقات کریں گے۔

کل معزز مہمان لاہور کے تاریخی مقامات کا دورہ کریں گے۔

چین کے نائب صدر وانگ چی شان اعلیٰ سطح وفد کے ہمراہ 3 روزہ دورے پر گزشتہ روز پاکستان پہنچے، ایئرپورٹ پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ان کا استقبال کیا۔

چین کے نائب صدر نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات بھی کی۔

وزیر اعظم سے معزز مہمان نے وفود کی سطح پر ملاقات کی اس موقع پر پاکستان اور چین کے درمیان زراعت میں تعاون بڑھانے کے معاہدے، اقتصادی اور فنی امور میں تعاون کےلیے مفاہمت کی یادداشت اور لسبیلہ یونیورسٹی کے زرعی شعبے میں معاونت کے معاہدے سمیت مختلف یادداشتوں پردستخط بھی ہوئے۔

چینی نائب صدر وانگ چی شان کو ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے نشانِ پاکستان سے بھی نوازا۔

تازہ ترین