• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’دہشتگردی کے واقعات پوری دنیا کیلئے چیلنج ہیں‘‘

پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل کے چیئرمین عمر میمن نے کہا ہے کہ اس وقت دہشت گردی کے واقعات پوری دنیا کے لیے ایک چیلنج بن چکے ہیں، اقوامِ عالم کو دہشت گردی کے واقعات پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار عمر میمن نے برطانوی رکن پارلیمنٹ سیما ملہوترا کی جانب سے ہم آہنگی کے فروغ اوربرطانیہ میں سیاسی بے یقینی کی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے منعقد کی گئی کمیونٹی نیٹ ورک میٹنگ میں کیا۔

عمر میمن نے سیما ملہوترا کو اپنی تشویش سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ اس موضوع پر تمام کمیونٹی رہنماؤں کو نوجوانوں کی مقامی سطح پر رہنمائی کرنی ہوگی۔

تقریب میں مختلف مذاہب کے افراد، کاروباری،سماجی اور فلاحی ارداروں کے رہنماؤں نے شرکت کی، اس موقع پر سیما ملہوترا کا کہنا تھا کہ ہماری میٹنگ کا مقصد کمیونٹی افراد کو ایک پلیٹ فارم پر یکجا کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیونٹی کے مسائل کا حل آپس کے اتحاد اور اتفاق میں ہے، ہمارامتحد ہونا ہی ہماری قوت ہوگی، ہم متحد ہو کر غربت، تنہائی، ذہنی تناؤ جیسی بیماریوں اور مسائل کا با آسانی مقابلہ کر سکتے ہیں۔

اس موقع پر عمر میمن نے سیما ملہوترا کو روایتی سندھی اجرک پہنائی جب کہ پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹرنیشنل کے چیف آرگنائزر علی خاقان مرزا نے سیما ملہوترا کو اقوام متحدہ کی کمشنر برائے انسانی حقوق ماداممِشیل باچیلے(Michelle Bachelet ) کے نامPODIکی جانب سے لکھے گئے کھلے خط کی کاپی پیش کی۔

یاد رہے کہ عمر میمن نے گزشتہ ماہ ایک کھلاخط جنیوا میں ہیومن رائٹس ، ایشیا پسیسفک ڈیسک کی انچارج مس لیویا کوسنزا (Livia Cosenza)کو اُن کے دفتر میں ملاقات کے موقع پر پیش کیا تھا۔

پرائیڈ آف ڈیمو کریسی انٹر نیشنل کی جانب سے لکھے گئے اس کھلے خط میں دنیا بھر میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

اس موقع پر دیگر اراکین پارلیمنٹ اور شرکا نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ میں مختلف کمیونٹیز فلاحی کاموں اور کاروبار سمیت دیگر شعبوں میں فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

تقریب میں تعلیم اور صحت کے شعبوں میں بہتری کے سلسلے میں 5 وعدوں کا بھی اعلان کیا گیا، آخر میں سیما ملہوترا نے کمیونٹی کی خدمت کے اعتراف میں مختلف افراد میں اعزازی سرٹیفیکیٹ اور تحائف تقسیم کیے۔

تازہ ترین