• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

  • ’’ہیئر کلپس‘‘ کا ہیئر اسٹائل میں نمایاں کردار

ملبوسات اور میک اپ کے ساتھ بالوں کو بھی آرائش کی ضرورت ہوتی ہے ۔ بالوں کی آرائش میں خواتین اس بات پر توجہ دیتی ہیں کہ کونسا ہیئر اسٹائل ان پر سوٹ کرتا ہے اور انھیں منفرد بناتا ہے ۔لیکن ان کی خوبصورتی میں چار چاند ہیئر کلپیس یا کیچرز کے ذریعہ ہی لگ سکتے ہیں۔ کلیپس ، کیچرز اور پنیں ہیئر اسٹائل کو جدت دینے کے ساتھ بالوں کو سنبھالے رکھتی ہیں۔ بال سمٹے ہوئے رہتے ہیں ۔ یوں فیشن کا فیشن ہوجاتا ہے اور ضرورت بھی پوری ہوجاتی ہے ، اس لئے یہ ہر دور میں خواتین میں مقبول رہے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ یہ سادہ سے لے کر فینسی ورائٹی میں بآسانی دستیاب ہیں، اس لئے ملبوسات کے ساتھ میچنگ کے تقاضوں کو پورا کردیتے ہیں۔ عموماً روزمرہ کے استعمال کے لیے خواتین پلاسٹک کے کیچرز منتخب کرتی ہیں ، جب کہ تقریبات کے لئے موتی جڑے زرق برق کلیپس اور کیچرز کا انتخاب کرنا پسند کرتی ہیں ، جو بالوں کا حسن کئی گنا بڑھادیتے ہیں۔

مہندی اور چوڑیوں کے بغیر عید کی خوشیاں ادھوری

عید الفطر کے موقع پر خواتین کی تیاریاں عروج پر ہوتی ہیں ۔ہر چیز میچنگ کی لیتی ہیں ۔کچھ بھی ہو میچنگ کی چوڑیاں لازمی خریدتی ہیں ۔ایسا لگتاہے اس کے بغیر ان کی تیاری ادھوری ہے اور اس کو خریدنے کا زیاد ہ زور چاند رات کو ہوتا ہے ۔ویسے ایک بات ہے چوڑیاں لینے کا مزا چاند رات کو ہی آتا ہے ۔شہرکے مختلف بازاروں میں رنگ بر نگی

خوب صورت چوڑیوں کے اسٹال لگے ہوتے ہیں اوران اسٹال پر خواتین کا ایک ہجوم میچنگ کی چوڑیاں لینے میں مشغول ہوتا ہے ۔اس کی مانگ میں اضافے کے باعث دکاندار چوڑیوں کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیتے ہیں ۔ا س ہی کے ساتھ چاند رات کو مہندی لگانے کا سلسلہ بھی جاری رہتاہے ۔پارلر زمیں خواتین اور بچیوں کے لیے مہندی کا انتظام کیا جاتا ہے اور یہ سلسلہ صبح تک چلتا ہے ۔کیوں کہ مہندی کے بغیر عید کی خوشیاں نا مکمل ہوتی ہے ۔عام طور پر دوست اور کزنز مل کر مہندی لگاوانے جا تی ہیں ۔عید کے موقع پر تما م اشیاء کے مقابلے میں سب سے زیادہ مہندی اور چوڑیوں کی خریداری ہوتی ہے ۔یہی سب چیزیں عید کی خوشیوں کو دوبالا کرتی ہیں ۔

مہندی کا رنگ تیز کرنے کی ٹپس

آج کل بازار میں جو مہندی دستیاب ہے وہ خاصی رنگ دار ہوتی ہے ۔لیکن پھر بھی آپ کو مہندی کا رنگ تیز کرنا ہو تو ذیل میں موجود چند تجاویز پر عمل کریں۔

1 – اگر پانی میں ہاتھ نہ ڈالا جائے تو مہندی کا رنگ ایک ہفتہ تک رہ سکتا ہے۔

2-مہندی سوکھ جائے تو اس پر چینی کے شیرے میں لیموں کا رس ملا کر روئی کی مدد سے ہاتھوں پر لگا لیں ۔

3 – مہندی اتارنے کے بعد ہاتھوں پر تیل لگائیں اور کم از کم ایک گھنٹے تک پانی میں ہاتھ نہ ڈالیں ۔

4-مہندی سوکھ کر جب اترنے لگے تو ہاتھوں پر وکس لگا ئیں۔

5-سرسوں کا تیل ہاتھوں پر لگانے سے بھی خوبصورت رنگ آتا ہے ۔

6-مہندی ساری رات لگی رہے تو بھی رنگ تیز آتا ہے۔

عید پر بنائیں ’’فرنچ ہیئر اسٹائل ‘‘

ہمیں اُمیدہے کہ اب تک آپ نے تقریباً عید کی تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہوگی ،مگر ابھی تک یہ نہیں سوچا ہوگا کہ ا س دفعہ عید پر کون سا ہیئر اسٹائل بنائیں گی ۔کیوں کہ ملبوسات اور میک اپ کے ساتھ ہیئر اسٹائل بھی بہت اہمیت رکھتا ہے ۔لیکن ہیئر اسٹائل ہمیشہ اپنے چہرے کی مناسبت سے بنا با چاہیے ۔عید کے اس موقع پر ہم آپ کو’’ فرنچ ہیئر اسٹائل بنانے کے بارے میں بتا رہے ہیں ۔

۔بالوں کو اکٹھا کر کے سیدھا کرلیں ۔ماتھے اور اطراف سے بالوں کی ایک ایک لٹ اٹھالیں۔

۔تینوں لٹوں کو ملا کر چوٹی بنانا شروع کردیں ۔

۔ہر بل کےساتھ اطراف سے بالوں کی ایک ایک لٹ شامل کرتے جائیں ۔

۔سب سے آخر میں سیدھی چوٹی باندھ کر ربڑھ لگا لیں یا موڑ کر پنوں کی مدد سے سیٹ کر لیں ۔

۔اگر بالوں کی لٹیں آپ کے قابو میں نہیں آرہی ہوں تو تھوڑا سا جیل ،اسپرے لگالیں اور جب ہیئراسٹائل بن جائے تو اس پر ہیئر اسپرے ضرور کریں ،تا کہ بال اپنی جگہ جمے رہیں ۔

سر کے بالوں کو دوحصوں میں تقسیم کر کے دونوں حصوں کی الگ الگ فرنچ چوٹیاں بنالیں۔آخر میں دونوں حصوں کو ملا کرچوٹی بنا لیں اور پنس سے سیٹ کرلیں ۔

سر کے ایک حصے سے کانوں کے اُوپر سے فرنچ چوٹیاں باننا شروع کریں اور دوسرے کان تک بنائیں ۔ گردن کے پاس باقی بچے ہوئے بالوں کی چوٹی بنا لیں ۔

’’تھری ڈی نیلز آرٹ ‘‘

عید کے دن کپڑوں کی میچنگ کے جوتے ،جیولری اور میک اپ کے ساتھ نیل پالش پر بھی ضرور دیا جاتا ہے۔خواتین چہرے کے ساتھ ناخنوں کو بھی پُرکشش بنانے کی کوشش کرتی ہیں اور یہ رحجان بہت تیزی سے فروغ پارہا ہے ۔ناخنوں کو آج کل مختلف پیٹرن سے سجایا جاتا ہے ۔خواتین جدید ٹرینڈ کی اس نیل پالش کو اپنے ڈریس کی میچنگ کے اعتبار سے استعمال کرتی ہیں ۔ذیل میں چند نیل آرٹ کے بارے میں آپ کو بتارہے ہیں ،جس کو آپ عید کے موقعے پر آزما سکتی ہیں ۔

میگنیٹک نیلز

اب ایک ایسی نیل پالش بازار میں دستیاب ہے ،جس میں لوہے کے رنگ برنگے ذرات شامل ہوتے ہیں۔آپ اسے ایک مقناطیس کے ذریعے اپنے ناخنوں پر لگا سکتی ہیں ،جو اس نیل پالش کے ہمراہ ملتا ہے ۔سب سے پہلے پالش کا ایک کوٹ لگائیں ،اس کے بعد مقناطیس کو ناخن کے اوپر گھمائیں، تاکہ آپ کا مطلوبہ پیٹرن بن سکے۔پھرمقناطیس کوچند سکینڈ تک اس کی جگہ پر رکھیں ۔اس کو سیل کرنے کے لیے اس کے اوپر نیل پالش کے ذریعے آپ اپنی پسند کے مختلف ڈیزائن بناسکتی ہیں ۔

تھری ڈی نیلز

ایک ایسا سیٹ جو پالش کوٹ ،موتیوں اور برش پر مبنی ہوتا ہے ۔اس کے ذریعے آپ اپنے ناخنوں کو تھری ڈی آرٹ کا تاثر دے سکتی ہیں ۔ایک وقت میں ایک ناخن کو پینٹ کریں ۔نیل پالش کے دو کوٹ لگائیں اس کے بعد اس کے اوپر ننھے ننھے موتی بکھیر دیں اور انہیں برش کے ذریعے سیٹ کرلیں ۔ناخنوں کو خشک ہونے کے لیے 15 منٹ کا وقت دیں ۔

نیل آرٹ ریپس

نیل آرٹ ریپس کسی بھی مشکل میں پڑے بغیر ناخنوں کو سجانےکا نیا ٹرینڈ ہے ۔یہ مختلف ڈیزائنوں پر مبنی اسٹیکر ہوتے ہیں ۔جنہیں آپ ناخنوں پر چپکا سکتی ہیں اور پھر اپنے ناخنوں کی شیب کے مطابق انہیں فائل کرسکتی ہیں ۔

ویلوٹ نیلز

اس نیل پالش کے ذریعے آپ اپنے ناخنوں کو مختلف تاثر دے سکتی ہیں ۔یہ ایک سیٹ ہوتا ہے ،جس میں نیل پالش ،ویلوٹ پائوڈر اور ایک برش شامل ہوتا ہے ۔جس کے ذریعے نیل پالش لگانے کے بعد مختلف پاؤڈر لگاکرناخنوں کو آراستہ کیا جاتا ہے ۔

تازہ ترین